Wednesday, September 18, 2024

خواجہ حارث نوازشریف کے نیب ریفرنسز سے الگ ہو گئے

خواجہ حارث نوازشریف کے نیب ریفرنسز سے الگ ہو گئے
June 11, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) خواجہ حارث نوازشریف کے نیب ریفرنسز سے الگ ہو گئے۔ انہوں نے وکالت نامہ واپس لے لیا۔ خواجہ حارث نے کہا کہ اس طرح دباؤ میں کام نہیں کر سکتا۔ ادھر خواجہ حارث کی پوری ٹیم بھی کیس سےعلیحدہ ہو گئی۔ سابق وزیراعظم نوازشریف العزیزیہ سٹیل مل ریفرنس میں احتساب عدالت میں پیش ہوئے توان کے وکیل کچھ دیر بعد پیش ہوئے اور نیب عدالت سے وکالت نامہ واپس لینے کیلئے درخواست دائر کر دی۔ خواجہ حارث کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ سپریم کورٹ نے میرے موقف کو تسلیم نہیں کیا، سپریم کورٹ نے یہ ہدایت بھی دی کہ ایک ماہ میں ریفرنس مکمل کیا جائے۔ خواجہ حارث نے کہا ایسے حالات میں کام جاری نہیں رکھ سکتا۔ جج محمد بشیر نے نواز شریف سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کس کو نیا وکیل کریں گے، یا خواجہ صاحب کو ہی منا لیں ۔ اس پر نواز شریف نے کہا کہ میں مشاورت کر کے بتاتا ہوں، بعد ازاں العزیزیہ سٹیل مل ریفرنس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی۔ آج شریف خاندان کیخلاف احتساب عدالت میں العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس کی سماعت میں خواجہ حارث نے گواہ واجد ضیا پر جرح کرنا تھی۔