خواجہ اظہار پر حملے کے مرکزی ملزم تاحال فرار، ملزم کے 3 دوست گرفتار

کراچی (92 نیوز) پیر کے روز گلزار ہجری میں پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے میں فرار ملزم عبدالکریم صدیقی تاحال پکڑا نہیں جا سکا۔ ملزم کے گھر سے ملنے والے لیپ ٹاپ کو کھولنے کے لئے آئی ٹی ماہرین کی مدد مانگ لی گئی۔
پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پیر کی صبح گلزار ہجری میں عبدالکریم کے گھر چھاپہ مار کاروائی کی لیکن مبینہ مقابلے میں عبدالکریم دو ساتھیوں سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جبکہ ایک اہلکار جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔
پولیس نے ملزم کے گھر سے ملنے والے لیپ ٹاپ کو تحویل میں لے لیا تاہم پاس ورڈ نہ ہونے کے باعث ابتک اسے چیک نہیں کیا جا سکا۔ ذرائع کے مطابق لیپ ٹاپ کو چیک کرنے کے لئے آئی ٹی ماہرین سے رابطہ کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عبدالکریم کے جامعہ کراچی کے تین دوستوں کو بھی حراست میں لے کر پوچھ گچھ کا سلسلہ جاری ہے۔ عبدالکریم کا گروپ نو لڑکوں پر مشتمل ہیں جن کہ گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کاروائیاں جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق عبدالکریم کے گھر سے نائن ایم ایم اور تیس بور کے اکیس خول ملے ہیں جنہیں فارنزک کے لئیے بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تابڑ توڑ چھاپوں کے باوجود عبدالکریم اور اسکے دیگر دو ساتھیوں کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔