خواجہ آصف کو مبارکباد دیتا ہوں کہ سیالکوٹ میں مقابلہ کرنے کا موقع ملا ، عثمان ڈار
اسلام آباد (92 نیوز) پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار نے سپریم کورٹ کے خواجہ آصف سے متعلق فیصلے پر کہا کہ خواجہ آصف کو مبارکباد دیتا ہوں کہ الیکشن میں سیالکوٹ میں مقابلہ کرنے کا موقع ملا۔
عثمان ڈار نے کہا کہ ابھی تفصیلی فیصلہ نہیں ملا ۔ تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد نظرثانی اپیل کا فیصلہ کریں گے۔ میرا مقابلہ خواجہ آصف سے عوام کی عدالت میں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ یقین دلاتا ہوں جس طرح پانچ سال عدالت میں خواجہ آصف کا مقابلہ کیا اسی طرح اب عوام کی عدالت میں مقابلہ کروں گا، اس بار الیکشن مین بہت زبردست مقابلہ ہو گا اور اس بات کی خوشی ہے کہ اب سیالکوٹ کے عوام کی عدالت میں خواجہ آصف سے بڑا مقابلہ ہو گا۔
عثمان ڈار نے مزید کہا کہ تفصیلی فیصلہ ابھی موصول نہیں ہوا، اس کے بعد نظر ثانی میں جانے یا نہ جانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
ادھر اداروں سے متعلق ن لیگ کا دوہرا معیار کھل کر سامنے آ گیا۔ فیصلہ حق میں آئے تو لیگی قائدین اداروں کی تعریف کرتے نہیں تھکتے اور اگر فیصلہ خلاف آئے تو پھر انھی اداروں کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔
سپریم کورٹ کا فیصلہ حق میں آیا تو خواجہ آصف نے فورا ٹویٹ داغا اور کہا میں عدلیہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں حالانکہ خواجہ آصف نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے نااہلی کا فیصلہ آنے پر تنقید کے خوب نشتر برسائے تھے۔