Tuesday, February 7, 2023

خواجہ آصف نے جھوٹے الزامات لگائے ، مراد سعید

خواجہ آصف نے جھوٹے الزامات لگائے ، مراد سعید
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا خواجہ آصف نے جھوٹے الزامات لگائے۔ یہ وزیر دفاع و خارجہ ہوتے ہوئے اقامہ پر باہر نوکری بھی کررہے تھے۔ قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے دوران حکومتی اور اپوزیشن ارکان میں گرما گرمی بھی دیکھنے میں آئی۔ مراد سعید نے کہا خواجہ آصف کے لیڈر نے اپنی نواسی کی شادی میں مودی کو بلایا۔ ان کا لیڈر جب بھارت جاتا تو حریت رہنماؤں سے ملنے کا وقت نہیں ہوتا تھا۔ عمران خان کے ہوتے کسی کی اسرائیل کو تسلیم کرنے کی خواہش پوری نہیں ہو سکتی۔ مراد سعید کے خواجہ آصف کو جھوٹا کہنے پر اپوزیشن نے شور شرابا کیا۔ رانا تنویر کی تقریر کے دوران حکومتی ارکان کا شور جاری رہا۔ اپوزیشن نے بھارت اور اسرائیل کے متعلق  وزرا کے بیانات کی وضاحت کا مطالبہ کر دیا۔ خواجہ آصف نے کہا وزیر خارجہ، وزیر سائنس اور وزیر اعظم سے منسوب بیانات چل رہے ہیں۔ شاہ محمود کے بقول بھارت سلامتی کونسل کا ممبر بن جائے تو قیامت نہیں آجائے گی۔ یہ بھی کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کر لینا چاہیے۔ ڈپٹی اسپیکر نے کہا پاکستان اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کرے گا۔ شاہ محمود بولے 1967 کے نقشے کے مطابق فلسطینی ریاست چاہتے ہیں۔ ڈپٹی اسپیکر نے معاملہ بگڑنے پر اجلاس کی کارروائی 10منٹ تک روک دی۔