Monday, December 6, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

خلائی روبوٹ فیلے دمدار ستارے پر گہری نیند سو گیا

خلائی روبوٹ فیلے دمدار ستارے پر گہری نیند سو گیا
August 31, 2015
واشنگٹن (ویب ڈیسک) زمین سے 50 کروڑ کلومیٹر دور دم دار ستارے پر اتارے جانے والے خلائی روبوٹ فیلے کی بیٹری ختم ہوگئی ہے۔ شمسی توانائی نہ ملنے کے باعث یہ روبوٹ بے جان ہو گیا ہے اور آئندہ برس اگست میں اس کے دوبارہ متحرک ہونے کی امید ہے جب سورج کی کرنیں نئے زاویے سے اس دم دار ستارے پر پڑیں گی تاہم فیلے نے اپنی بیٹری کے خاتمے سے قبل مزید معلومات زمین پر بھیجی ہیں۔ سائنسدان کہتے ہیں کہ اس روبوٹ نے ذخیرہ شدہ توانائی کے خاتمے سے قبل اپنا مشن مکمل کر لیا ہے۔ فیلے اس وقت دم دار ستارے کی سطح پر ایک چٹان کے سائے تلے موجود ہے جس کے باعث اسے سورج کی پوری روشنی نہیں مل پا رہی۔ شمسی توانائی نہ ملنے کی وجہ سے یہ روبوٹ اپنے پینلز کے ذریعے بیٹری مکمل چارج کرنے میں ناکام رہا ہے۔ فیلے کو دم دار ستارے کی سطح پر اتارنے والا سیٹلائٹ روزیٹا بدستور اس کے اردگرد گھوم رہا ہے جس کی بدولت سائنس دانوں کو دم دار ستارے کے بارے میں بہت سی معلومات حاصل ہو رہی ہیں۔ آئندہ برس 13 اگست کو یہ ستارہ سورج سے قریب ترین پوزیشن میں ہو گا۔ سائنس دانوں کو امید ہے کہ اس وقت سورج کی کرنیں فیلے کو چھو لیں گی اور یہ دوبارہ متحرک ہو سکتا ہے۔ اس مشن کا مقصد دم دار ستارے کی سطح کا جائزہ لے کر نظام شمسی کی تشکیل سے متعلق اہم معلومات حاصل کرنا ہے۔ اس مقصد کیلئے فیلے روبوٹ ستارے کی سطح کی کھدائی کر کے اہم نوعیت کے نمونے جمع کر چکا ہے جن کے تجزیے سے حاصل شدہ نتائج جلد سامنے آئیں گے۔