خشک میوہ جات مہنگائی کے باعث غریبوں کی پہنچ سے دور

پشاور ( 92 نیوز) سردیوں کی سوغات خشک میوہ جات مہنگائی کے باعث اب عوام کی دسترس سے باہر ہو گئے، خشک میوہ جات کی قیمتیں سن کر عوام کے ہوش اڑ جاتے ہیں۔
خیبر پختونخوا میں روایتی طور پر سردی میں مہمانوں کی تواضح خشک میوہ جات سے کی جاتی تھی مگر مہنگائی اور قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے عوام کو ان خشک ذائقہ میوہ جات سے محروم کر دیا ہے۔ پشاور میں خشک میوہ جات کے نرخ 3 سے 4 سو روپے فی کلو بڑھے ہیں۔
عوام کا کہنا ہے کہ 4 ہزار روپے فی کلو بکنے والے چلغوزے خریدنا اب ان کے بس کی بات نہیں، اسی طرح دیگر خشک میوہ جات بھی ان کی قوت خرید سے باہر ہے، اب تو وہ صرف ان میوہ جات کو دیکھ کر ہی دل خوش کر لیتے ہیں۔
خشک میوہ جات کی قیمتیں سن کر شہریوں کو مایوس واپس لوٹنا پڑتا ہے، ان کا کہنا ہے کہ ہر سال تواتر سے بڑھتی قیمتوں کے باعث اب تو مونگ پھلی خریدنا بھی ان کے لئے مشکل ہو گیا ہے۔