خدیجہ صدیقی کیس، چیف جسٹس پاکستان کا ملزم کے والد پر برہمی کا اظہار
لاہور ( 92 نیوز) سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس آٖف پاکستان میاں ثاقب نثار نے قانون کی طالبہ خدیجہ صدیقی کیس کی سماعت کی ۔ چیف جسٹس نے ملزم کے والد کو مخاطب کرتے ہوئے عدالت کے خلاف مہم چلانے پربرہمی کا اظہار کیا جبکہ کیس کو جسٹس آصف سعید کھوسہ پرمشتمل بنچ کو بھجوادیا۔
سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے قانون کی طالبہ خدیجہ صدیقی کیس پر ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی ۔
عدالت کی جانب سے ملزم شاہ حسین کے والد تنویر ہاشمی کو مخاطب کرتے ہوئے استفسار کیاکہ عدالت کے خلاف مہم کیسے چلائی ، اگر کسی وکیل کی بیٹی زخمی ہوتی تو کیا وکلا کا رویہ تب بھی یہی ہوتا۔
چیف جسٹس پاکستان کے استفسار پر بتایا گیا کہ خدیجہ صدیقی نے ملزم شاہ حسین کی بریت کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی ہے۔
اس پر عدالت نے از خود نوٹس نمٹاتے ہوئے خدیجہ صدیقی کی اپیل جسٹس آصف سعید خان کھوسہ پر مشتمل بنچ کوبھجوادی اور فریقین کو ہدایت کی کہ وہ بیان بازی سے گریز کریں۔