Saturday, July 27, 2024

خدا خدا کر کے فلائٹ آپریشن بحال‘ پی آئی اے چل پڑی

خدا خدا کر کے فلائٹ آپریشن بحال‘ پی آئی اے چل پڑی
February 10, 2016
کراچی (92نیوز) پی آئی اے نجکاری کے خلاف 16دن کی تالابندی اور آٹھ روزہ فضائی آپریشن کی بندش کا بالآخر خاتمہ ہو ہی گیا۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ قومی ائیر لائن کے فلائٹ آپریشنز کو بحال کردیا گیا ہے۔ آج پی آئی اے کی 117 پروازیں شیڈول کی گئی ہیں۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق شیڈول پروازوں میں 75ڈومیسٹک اور 43 بین الاقوامی فلائٹس شامل ہیں۔ مسافروں کے لوڈ کے باعث پروازوں کی روانگی کے اوقات میں ردوبدل ہو سکتا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ مسافر ایئرپورٹ روانگی سے پہلے فلائٹ انکوائری پر رابطہ ضرور کریں۔ پی آئی اے کی نجکاری ہو گی یا نہیں یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا البتہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا ایکشن سولہ روز بعد دم توڑ گیا۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے حکومت کے آگے گھٹنے ٹیکتے ہوئے دفاتر و فلائٹ آپریشن کی بندش ختم کر دی اور ملازمین نے دفاتر میں کام شروع کر دیا۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ وقت کی ضرورت ہے کہ حکومت اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی مل کر ادارے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے۔ دفاتر کی تالا بندی اور فلائٹ آپریشن شروع ہونے کے ساتھ ہی بکنگ کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا جبکہ منسوخ ہونے والی پروازیں بھی ری شیڈول کی جا رہی ہیں جس میں ایک سے دودن درکار ہوں گے۔ فضائی آپریشن کی بندش سے تقریباً ایک ہزار پروازیں منسوخ ہوئیں جس پر لاکھوں مسافروں کو ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔