Saturday, November 27, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

ختم نبوت حلف نامے پر رد و بدل کس کے کہنے پر ہوئی ، راز فاش نہ ہوسکا

ختم نبوت حلف نامے پر رد و بدل کس کے کہنے پر ہوئی ، راز فاش نہ ہوسکا
January 24, 2018

اسلام آباد( 92 نیوز ) ختم نبوت حلف نامے میں ردوبدل کس  کےکہنے پر اور کیوں کیا گیا ،  راز فاش نہ ہوسکا ۔ وزیر قانون زاہد حامد مستعفی ہوکر گھر بیٹھ گئے  ۔  باقی کردار سامنے نہ آسکے  ۔ سیاسی جماعتوں کا مطالبہ ہے کہ ترمیم کے محرکات جاننے کے لیے راجہ ظفر الحق کی رپورٹ سامنے آنا ضروری ہے ۔

ختم نبوت حلف نامے میں ردوبدل کس کے کہنے پر کیا گیا معمہ ابھی تک حل نہ ہوسکا ۔ تحریک لبیک پاکستان کے مطالبے پر حکومت نے وفاقی وزیر قانون زاہد حامد کی قربانی تو دیدی  تاہم پس پردہ کیا محرکات تھے، تاحال سامنے نہ آسکے۔

معاملہ کچھ یوں ہوا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے بعد نوازشریف ناصرف نااہل قرار پائے بلکہ انہیں وزارت عظمی اور پارٹی صدارت سے بھی ہاتھ دھونا پڑے ۔ مسلم لیگ ن نے اکثریت کے خمار میں نوازشریف کو پارٹی صدارت کیلئے اہل قرار دینے کے حوالے سے انتخابی اصلاحات بل منظور کرلیا ، لیکن ساتھ ہی ختم نبوت کے حلف نامے میں ترمیم کی سنگین غلطی بھی کرڈالی  ۔  ترمیم میں ختم نبوت کے حلفیہ اقرار کو صرف اقرار نامے تک محدود کردیا ۔

بات کھلی ، کئی جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ نے اس غلطی کی ناصرف نشاندہی کی بلکہ شدید احتجاج بھی کیا  ۔  پھر اقتدارکے ایوانوں سے لے کر ملک بھر میں وہ شور مچا اور معاملہ سپریم کورٹ تک بھی پہنچ گیا۔

دوسری جانب عوامی سطح پر احتجاج زور پکڑنے لگا تو اسپیکر قومی اسمبلی نے اگلے ہی روز سیاسی جماعتوں کا ہنگامی اجلاس بلاکر اتفاق رائے پیدا کیا اورحلف نامے کواصل حالت میں بحال کرادیا۔

ترمیم تو واپس ہوگئی لیکن ترمیم کے ذمہ داران کا تعین نہ ہوسکا ۔  راجہ ظفر الحق نے تحقیقات کرکے رپورٹ بھی حکومت کو پیش کردی  جسے خفیہ رکھا جا رہا ہے  ۔

 تحریک لبیک پاکستان کے کاروان ختم نبوت،،پھر فیض آباد انٹر چینج پر 21 روزتک جاری رہنے والے دھرنے اور کئی زندگیاں ختم ہونے کے بعد وزیر قانون زاہد حامد کو مستعفی تو ہونا پڑا  لیکن حکومت راجہ ظفرالحق کی رپورٹ سامنے نہ لائی گئی ۔

عمران خان ہو  ، شیخ رشید یا پھر طاہر القادری ، اپوزیشن جماعتوں کو یقین کے کہ ختم نبوت حلف نامے میں ترمیم سازش کے تحت کی گئی تاکہ عالمی لابی کو خوش کیا جاسکے،کئی  اپوزیشن رہنماوں کا یہ بھی ماننا ہے امریکہ نے پاکستان کا نام واچ لسٹ میں شامل کیا تو پھر سمجھ آئی کہ حلف نامہ میں ترمیم آخر ہوئی کیوں ۔