خانیوال،دیہاتیوں نے ڈاکر قرار دیکر نوجوان کو قتل کر دیا
خانیوال ( 92 نیوز) خانیوال میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا جہاں چھب کلاں میں دیہاتیوں نے ڈاکو قرار دے کر نوجوان کو تشدد کر کے قتل کر دیا ، لوگ کلہاڑیوں اور ڈنڈوں سے تشدد کرتے رہے، 92 نیوز نے واقعے کی فوٹیج حاصل کر لی ، دوسری طرف مقتول کے ورثاء اور اہل علاقہ سراپا احتجاج بن گئے۔
اہل علاقہ نے نوجوان لیاقت کو ڈاکو سمجھ کر روکا اور پھر تشدد کی انتہا کردی ، کسی نے کلہاڑیوں سے وار کئے تو کسی نے ڈنڈوں سے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا ، یہاں تک کہ خون میں لت پت نوجوان کی سانسوں کی ڈوری ٹوٹ گئی۔
مقتول کی والدہ کا کہنا ہے کہ مخالفین نے پولیس سے مبینہ ساز باز کرکے ڈاکو کا ڈرامہ رچا کر ان کے بیٹے کو بےدردی سے قتل کیا ۔ اہل علاقہ کی بڑی تعداد واقعے کےخلاف سراپا احتجاج بن گئی اور ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دینے کا مطالبہ کیا ۔
چینل 92 نیوز پر خبر بریک ہونے کے بعد پولیس بھی جاگ گئی اور قتل کا مقدمہ درج کر لیا ، ڈی پی او خانیوال کا کہنا ہے کہ واقعے کی شفاف اور میرٹ پر تفتیش کی جائے گی۔