مکہ ( 92 نیوز) امام کعبہ شیخ عبدالرحمٰن السدیس نے کہا کہ خانہ کعبہ اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو جلد زائرین کے لیے کھول دیا جائے گا، کورونا وائرس کا جلد خاتمہ ہو جائےگا، مساجد کی رونقیں ایک بار پھر بحال ہوں گی۔
امامِ مسجد الحرام شیخ عبدالرحمن السدیس نے امت مسلمہ کی ناقابل بیان خوشی کا سامان کردیا، خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب سے کورونا وائرس کا خاتمہ بہت جلد ممکن ہوجائے گا، جس کے بعد دنیا کے مقدس ترین مقامات مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دروازے ایک بار پھر مسلمانوں کیلئے کھل جائیں گے، نمازوں کی ادائیگی سے لے کر طواف کعبہ اور عمرہ کی ادائیگی تک مسلمانوں کے دل کی ہر خواہش پوری ہو گی۔
دوسری جانب مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے امورِ عامہ کے ذمہ داروں نے خانہ کعبہ شریف اور مقام ابراہیم کو جراثیم کش ادویات سے دھونے اور صاف کرنے کے لیے جدید ترین ’اوزون ٹیکنالوجی‘ کا استعمال کیا جبکہ غلاف کعبہ اور حجر اسود کی صفائی اور تزئین کے بعد انہیں کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے سینیٹائز بھی کیا گیا۔
شیخ عبدالرحمان السدیس نے خانہ کعبہ میں سینیٹائزیشن اور حجر اسود میں عطر لگانے کے امور کی نہ صرف نگرانی کی بلکہ اس کام میں شریک بھی ہوئے۔