Tuesday, October 4, 2022

خادم حسین رضوی کا چار جنوری کو لاہور سے اسلام آباد مارچ کا اعلان

خادم حسین رضوی کا چار جنوری کو لاہور سے اسلام آباد مارچ کا اعلان

لاہور (92 نیوز) فیض آباد دھرنا ختم ہونے کے بعد تحریک لبیک پاکستان کا قافلہ مختلف شہروں سے ہوتا ہوا لاہور پہنچ گیا۔ قافلے کا ہر شہر میں والہانہ استقبال کیا گیا۔
اس موقع پر علامہ خادم حسین رضوی نے چار جنوری کو لاہور سے اسلام آباد مارچ کا اعلان بھی کر دیا۔
مطالبات کی منظوری کے بعد مولانا خادم حسین رضوی نے اسلام آباد سے سفر کا آغاز کیا جہاں لاہور واپسی کے راستے میں جگہ جگہ ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
دھرنے کے شرکا قافلے کی صورت میں لاہور پہنچے تو ان کا داتا دربار پہنچنے پر بھی روایتی استقبال ہوا جہاں پہلے سے ہی تحریک کے سینکڑوں کارکن جمع تھے۔اس موقع پر فضا نعروں سے گونج اٹھی۔
اس سے قبل دھرنے کے شرکا جہلم، گجرات اور گوجرانوالہ سے ہوتے ہوئے فیروز والا پہنچے جہاں عاشقان رسول نے ایک مرتبہ پھر خادم حسین رضوی کو دیکھ کر نعرے بلند کئے اور قافلے کے شرکا پر گل پاشی کی۔
اسی طرح تحریک کے کارکنوں کا جی ٹی روڈ پر دیگر مقامات پر بھی نعرے لگا کر شاندار استقبال کیا گیا۔
اس موقع پر علامہ خادم حسین رضوی نے کہا کہ آرمی چیف نے تاریخی کردار ادا کر کے حکمرانوں کی خون خرابے کی سازش نا کام بنائی۔ حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں۔
علامہ خادم حسین رضوی نے مزید کہا کہ نوجوانوں نے دین کے لیے شہادتیں دیں۔ شہدا کے ورثا اور زخمیوں کے لیے امداد کی حکومتی آفر ٹھکرا دی۔