Tuesday, January 18, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

حکومت کے مخالفین تکبر کا شکار ہیں ، چودھری پرویز الٰہٰی

حکومت کے مخالفین تکبر کا شکار ہیں ، چودھری پرویز الٰہٰی
September 25, 2019
 گجرات (92 نیوز) اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی نے کہا حکومت کے مخالفین تکبر کا شکار ہیں۔ گجرات میں چودھری ظہور الہٰی کی برسی کی تقریب سے خطاب میں چودھری پرویز الہٰی  نے کہا اپنی وزارت اعلیٰ کے دور میں 170 فلاحی ادارے بنائے جو آج بھی عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے درست سمت کا تعین کر لیا۔ قوم کو صبر اور تحمل سے کام لینا ہو گا۔ چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا ہم نے پنجاب میں اپنی وزارت اعلیٰ کے دوران ہر شعبہ زندگی میں ترقی و خوشحالی کے جو بے مثال اقدامات کئے تھے وزیر اعظم عمران خاں کی ہدایت پر وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نہ صرف ان کی بحالی بلکہ ان کو آگے بڑھانے کے لئے بھی کوشاں ہیں۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی نے خطاب میں کہا عوامی خدمت کا جو سفر چودھری ظہور الٰہی شہید نے شروع کیا تھا ان کے خاندان کا ہر فرد اس کو آگے بڑھانے کے لئے کوششیں کر رہا ہے۔ الحمد للہ آج چودھری ظہور الہٰی شہید کی تیسری نسل میدان سیاست میں ہے اور ان کے مشن کو یقین اور صدق دل سے عمل کر رہی ہے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا پاکستان نے عالمی سطح پر کشمیریوں کے لئے آواز اٹھائی ہے۔ نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کے پہاڑ توڑ رکھے ہیں۔ پہلی بار عمران خاں کی کاوشوں کے باعث عالمی رہنماؤں کو مودی کا اصل چہرہ دکھایا گیا۔ انہوں نے کہا ملک کو انتشار کی نہیں اتفاق اور اتحاد کی ضرورت ہے۔ آج ملک کی معیشت ہو یا خارجہ محاذ، ہر فورم پر حکومت نیک نیتی سے جدوجہد کررہی ہے۔ عوام کو عمران خاں اور اتحادیوں کی حکومت پر مکمل اعتماد ہے۔