حکومت کی نالائقی، نااہلی سے مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے، مریم نواز
لیپہ (92 نیوز) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کہتی ہیں کہ، حکومت کی نالائقی اور نااہلی کی وجہ سے پاکستان میں مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے۔
مریم نواز نے آزاد کشمیر کے مقام لیپہ میں جلسے سے خطاب میں کہا، نوازشریف کی حب الوطنی کی گواہی دشمن بھی دیتے ہیں۔ نیب نوازشریف کے خلاف کچھ ثابت کرنے میں ناکام ہوگئی۔
اُنہوں نے کہا، سنا ہے عمران خان یہاں ووٹ مانگنے آرہا ہے، کشمیریوں پوچھنا کہ تم نے تین سالوں میں پاکستان کی ترقی کو ریورس گیئر لگا دیا ہے، اپنے ووٹ پر پہرہ دینا ہے۔
اُن کا کہنا تھا، وفاقی وزرا کھلے عام پیسے بانٹتے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے، آزاد کشمیر کے لوگوں نے بکنے اور جھکنے سے انکار کردیا ہے۔ زمین پر منہ کے بل پڑا ہے کرپشن کا بیانیہ۔
نائب صدر ن لیگ بولیں کہ، حلق سے سیٹیں نکلوانا ن لیگ ن کے شیروں کو آگیا ہے، لیپہ والوں کے ساتھ زندگی بھر کا رشتہ بنا کر جا رہی ہوں، آپ کا جذبہ بتا رہا ہے کشمیر میں پھر شیر آرہا ہے، کشمیر نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔ کشمیریوں کا رزق کسی پاکستان کی وفاقی حکومت کے ہاتھ میں نہیں، بجٹ ملنا کشمیریوں کا حق ہے۔