Saturday, July 27, 2024

حکومت کا نجی شعبے کی مدد سے نئی ایئرلائن بنانے کا فیصلہ

حکومت کا نجی شعبے کی مدد سے نئی ایئرلائن بنانے کا فیصلہ
February 4, 2016
اسلام آباد(92نیوز)حکومت نے پی آئی اے کے ہڑتال کرنے والے ملازمین سے مذاکرات نہ کرنے اور نجی شعبے کی مدد سے ایک نئی ایئر لائن بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کےمطابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت پی آئی اے سے متعلق اہم اجلاس ہواجس میں وفاقی وزرا، وزیراعلی پنجاب شہباز شریف، گورنر کے پی کے سردار مہتاب اور شجاعت عظیم نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت ہڑتالیوں سے بلیک میل نہیں ہوگی ، قومی خزانے کو نقصان پہنچانے اور عوام کو مشکلات سے دوچار کرنے والوں سے سختی سے نمٹے گی۔ اجلاس کے شرکا نے تجویز دی کہ حکومت نجی شعبے کی مدد سے 120 روز میں نئی ایئر لائن قائم کرے تاکہ پی آئی اے میں ملازمین کی اجارہ داری اور ہڑتال کا سلسلہ بند ہو تاکہ حکومت کو  بلیک میل کرنے کے راستے بند ہوں۔ ذرائع نے بتایا کہ حکومت ایئر لائن کے قیام میں دلچسبی رکھنے والی کمپنیوں کو ون ونڈو آپریشن کے ذریعے سہولیات فراہم کریگی۔ اجلاس کے شرکا کہنا تھا کہ بعض عناصر کی ایما پر عوام کو پریشان کیا جارہا ہے اور کچھ سیاسی جماعتیں پی آئی اے کی آڑ میں بد امنی چاہتی ہیں لیکن حکومت ان کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیگی۔