Monday, December 6, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

حکومت نے چیئرمین سینیٹ کیلئے پھر صادق سنجرانی کو نامزد کردیا

حکومت نے چیئرمین سینیٹ کیلئے پھر صادق سنجرانی کو نامزد کردیا
March 4, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی حکومت نے نئے چیئرمین سینیٹ کیلئے ایک بار پھر صادق سنجرانی کو نامزد کردیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے نئے چیئرمین سینیٹ کیلئے صادق سنجرانی کے نام کی منظوری دیدی۔

وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں حکومتی جماعت کا اہم اجلاس ہوا جس میں چیئرمین سینیٹ کیلئے صادق سنجرانی حکمران اتحاد کے امیدوار نامزد کردیئے گئے۔

صادق سنجرانی 2018 سے 2021 تک ایوان بالا کے چیئرمین رہے، وہ 39 سال کی عمر میں پاکستان کے کم عمر ترین چیئرمین سینیٹ بنے تھے۔

صادق سنجرانی مارچ 2018 میں بلوچستان سے سینیٹر منتخب ہوئے، پی ٹی آئی بی اے پی، ایم کیو ایم، پیپلزپارٹی کی حمایت سے 57 ووٹ لے کر چیئرمین بنے۔

چیئرمین سینیٹ کے طور پر صادق سنجرانی کا کنڈکٹ غیر جانبدار رہا۔ اپوزیشن اور حکومتی ارکان کو قانون سازی سمیت اظہار خیال کا مناسب وقت دیا۔

صادق سنجرانی کے خلاف یکم اگست 2019ء کو تحریک عدم اعتماد بھی لائی گئی جو ناکام رہی۔ حکومت نے انہیں مزید تین سال کےلئے چیئرمین سینیٹ کا امیدوار نامزد کیا ہے۔

نئے چیئرمین سینیٹ کا انتخاب 12 مارچ کو ہوگا۔

اس بار صادق سنجرانی کو پی ٹی آئی، بی اے پی، ایم کیو ایم، فاٹا کے سینیٹرز، جی ڈی اے اور ق لیگ کی حمایت حاصل ہے۔