Saturday, July 27, 2024

' پی آئی اے میں لازمی خدمات ایکٹ لگانا ڈکٹیٹروں والا کام '

' پی آئی اے میں لازمی خدمات ایکٹ لگانا ڈکٹیٹروں والا کام '
February 2, 2016
لاہور (92نیوز) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حکومت نے پی آئی اے میں لازمی خدمات ایکٹ لگا کر ڈکٹیٹروں والا کام کیا ہے۔ اس سے پہلے کسی جمہوری حکومت نے یہ کام نہیں کیا۔ تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہاوس میں میڈیا سے گفتگو کے دوران خورشید شاہ نے کہا کہ جو کام موجودہ جمہوری حکومت نے کیا ہے وہ اس سے پہلے صرف ڈکٹیٹر ہی کرتے رہے ہیں۔ ضیاءالحق نے جب یہ ایکٹ لگایا تھا تو انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن نے پاکستان کی رکنیت منسوخ کر دی تھی اب بھی خدشہ ہے کہ آئی ایل او پاکستان کی رکنیت منسوخ نہ کر دے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ حکومت پٹرول اور اس کی دیگر ذیلی مصنوعات سے ماہانہ 70سے 72 ارب ٹیکس وصول کر رہی ہے مگر عوام کو ریلیف دینے کے لئے تیار نہیں ہے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لیے آج تحریک انصاف کے قائدین سے ملاقات ہو گی۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار کے ایشو پر اب قومی اسمبلی میں بات ہو گی۔