Saturday, July 27, 2024

حکومت نے نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل نہیں کیا: شاہ محمود

حکومت نے نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل نہیں کیا: شاہ محمود
February 18, 2017

سیہون شریف (92نیوز) تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ جس جذبےسے نیشنل ایکشن پلان پر عمل ہونا چاہئے تھا بدقسمتی سے وفاقی حکومت نے اس طرح عمل نہیں کیا، اس کے لئے صرف وزیرداخلہ چودھری نثار کو تنقید کا نشانہ بنانا درست نہیں۔ سانحہ شہباز قلندر میں اتنی بڑی تعداد میں لوگ شہید ہوئے لیکن ابھی تک زخمیوں کے لئے امداد کا اعلان نہیں کیا گیا۔

رہنما تحریک انصاف شاہ محمود قریشی سیہون پہنچے اور دو روز قبل دہشت گردی کا نشانہ بننے والے حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے مزار پر حاضری دی۔ انہوں نے دہشت گردی کی حالیہ لہر کو نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہ کرنے کا نتیجہ قرار دیا۔

شاہ محمود قریشی نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر درباروں کی بندش کے فیصلے پر بھی تنقید کی اور کہا کہ درگاہیں بند کرکے دہشت گردوں کا مقابلہ کیسے کیا جاسکتا ہے۔

رہنما تحریک انصاف نے سانحے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس بڑے پیمانے پر ہونے والے جانی نقصان کے باوجود شہدا کے لواحقین اور زخمیوں کے لئے کسی قسم کی امداد کا اعلان نہیں کیا گیا جو افسوسناک ہے۔