Saturday, July 27, 2024

حکومت نے ملک بھر میں مردم شماری کا شیڈول جاری کردیا

حکومت نے ملک بھر میں مردم شماری کا شیڈول جاری کردیا
February 4, 2017

اسلام آباد (92نیوز) 19سال بعد مردم شماری 15مارچ کو ہونے جارہی ہے۔ حکومت نے شیڈول جاری کردیا۔ ملک کے 147میں سے 62اضلاع میں پہلے اور 85اضلاع میں دوسرے مرحلے میں مردم شماری ہوگی۔ پہلا مرحلہ 15مارچ سے 15اپریل، دوسرا مرحلہ 25اپریل سے 25مئی تک رہیگا۔

تفصیلات کے مطابق چھٹی مردم شماری کے شیڈول کے مطابق کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ کے 8اضلاع میں پہلے جبکہ دیگر 21 اضلاع میں دوسرے مرحلے میں مردم شماری ہوگی۔ لاہور، جھنگ، فیصل آباد اور بہاولپور سمیت پنجاب کے 15 اضلاع میں پہلے جبکہ باقی 19 اضلاع میں دوسرے مرحلے میں مردم شماری ہوگی۔

اسی طرح خیبرپختونخوا کے پشاور سمیت 13 اضلاع میں پہلے جبکہ 11 اضلاع میں دوسرے مرحلے میں مردم شماری کی جائے گی۔ شیڈول کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 15 اضلاع میں پہلے جبکہ دیگر 17 اضلاع میں دوسرے مرحلے میں مردم شماری ہوگی۔

آزاد جموں و کشمیر میں پہلے اور دوسرے مرحلے میں 5، 5 اضلاع میں مردم شماری ہوگی۔ اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی پہلے اور دوسرے مرحلے میں5، 5 اضلاع میں مردم شماری ہوگی۔ فاٹا کی ایک ایجنسی میں پہلے اور 6ایجنسیوں میں دوسرے مرحلے میں مردم شماری ہوگی۔

مردم شماری کا پہلا مرحلہ15 مارچ کو شروع ہو کر 15 اپریل جبکہ دوسرا مرحلہ 25 اپریل سے شروع ہوکر25 مئی کو ختم ہوگا۔ مردم شماری کے ابتدائی نتائج مردم شماری مکمل ہونے کے دو ماہ بعد تک تیار کر لیے جائیں گے۔