حکومت نے عام آدمی کی خواہشات کو کچل دیا، خورشید شاہ
اسلام آباد (92 نیوز) پیپلزپارٹی کے رہنماء خورشید شاہ نے کہا، حکومت نے عام آدمی کی خواہشات کو کچل دیا، ٹیکس فری بجٹ کا دعوی کرکے 1200 ارب کے ٹیکس لگا دیئے گئے۔
منگل کے روز قومی اسمبلی اجلاس میں اظہارخیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ملک کے عوام کی خوشحالی معیشت کی بہتری کی نشاندہی ہوتی ہے، 32 سال میں کبھی پارلیمنٹ میں ہاتھا پائی نہیں ہوئی تھی۔ میں نے ہمیشہ پارلیمنٹ کی بالادستی کی بات کی ہے۔ دنیا اسپیڈ سے آگے جارہی ہے۔ ہم پیچھے پیچھے ہوتے جارہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ گرے لسٹ سے نہ نکلنے پر مجھے تکلیف ہوئی، ملک کی سب سے بدقمستی یہ ہے تعلیمی اداروں کو وہ فروغ نہیں دیا جو ریاست کا فرض تھا۔
انہوں نے کہا، بڑے دعوے کرتے ہیں ہیلتھ کا بجٹ گرتا جارہا ہے، ہیلتھ کارڈ بانٹنے سے کچھ نہیں ہوتا، ایوان میں کہہ رہا ہوں کارڈ بانٹنے کا بہت بڑا اسکینڈل آئے گا۔ ادویات 500 گنا مہنگی ہوگئی ہیں۔
رہنماء پیپلزپارٹی بولے کہ، ایٹمی پاور تو ملک کو بنا رہے ہیں، جو پاپولیشن گروتھ ہورہی ہے؟، پاپولیشن گروتھ 1996 میں 11 کروڑ تھی آج 22 کروڑ ہے، زمین کم ہوتی جارہی ہے، آبادی بڑھتی جارہی ہے۔ آبادی کو بھی وفاقی حکومت اپنے کندھوں پر اٹھائے کیونکہ یہ ریاست کا مسئلہ ہے۔
خورشید شاہ نے کہا، تنقید نہیں کرنا چاہتا، آپ نے غریب آدمی کی خواہشوں کو کچل دیا ہے۔ وہ ایک تولہ سونا لیتے تھے اس پر بھی آپ نے ٹیکس لگا دیا۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ، میں اپنے حلقے کے لوگوں کی نمائندگی نہیں کر سکا، کوشش ہے کہ اس بجٹ پر رہوں تلخیوں پر بات نہ کروں۔ تین وزیر تبدیل ہوئے یہ وزیر بھی ہمارے دوست رہے ہیں۔وہ بولے کہ، امید تھی کہ یہ وزیر صاحب ٹیکس فری بجٹ دیں گے، کسی بھی ملک کی معیشت کا دارومدار فگرز پر نہیں ہوتا۔ دیکھنا یہ ہوتا ہے کہ غریب کے پیٹ میں روٹی ہے یا نہیں۔