Saturday, July 27, 2024

حکومت نے اپنے ایک سال کی کارکردگی عوام کے سامنے رکھ دی

حکومت نے اپنے ایک سال کی کارکردگی عوام کے سامنے رکھ دی
August 18, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق اور معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے حکومت کی ایک سالہ کارکردگی عوام کے سامنے رکھ دی ۔ نعیم الحق نے  ایک سالہ کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ  جب حکومت میں آئے تو ہر ادارے کا حال برا تھا ، خزانہ بالکل خالی تھا ، ہم نے 9 ارب دالر کے بیرونی واجبات ادا کئے ، اس وقت ساڑھے 3 سے 4 لاکھ گھر زیر تعمیر ہیں، 5سال میں تمام غریب طبقے کو گھر فراہم کریں گے۔ نعیم الحق کا کہنا تھا کہ کوئی شک نہیں ہم  سے غلطیاں بھی ہوئی ہیں،5سال میں ایک کروڑ صحت کارڈ فراہم کرنا عزم ہے، صحت کارڈ سے ساڑھے 7 لاکھ تک مفت طبی امداد میسر ہوگی،آئندہ سال سے گھروں کی فراہمی شروع ہو جائے گی۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ایک سال کا سفر استحکام پاکستان کا سفر ہے، آج کا دن مظلوم کشمیریوں کے نام کردیا ، پاکستان کے دروازے دنیا کیلئے کھولے ، ٹورازم اور مواصلات کی پالیسی بنائی ، منی لانڈرنگ روکنے اور آمدن بڑھانے کیلئے ٹیکس ریفارمز کئے ،روڈ سیفٹی پروگرام شروع کیا گیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ خسارے کا شکار پوسٹل کا محکمہ منافع کی طرف بڑھا ہے، پاکستان کو ٹورسٹ فرینڈلی بنانے کیلئے عملی اقدامات کئے گئے ، منی لانڈرنگ، اسمگلنگ کے خاتمے کیلئے مؤثر اقدامات کئے گئے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ  احساس پرگرام کے تحت عوام کی بنیادی ضروریات کو جوڑ دیا گیا، احساس پروگرام کیلئے 152 ارب روپے رکھے گئے ہیں، جب تک احساس اور انصاف نہیں آئے گا تبدیلی نہیں آسکتی، بے گھر افراد کو بنیادی سہولت دینے کیلئے حکومت اقدامات اٹھا رہی ہے، احساس پروگرام وزیراعظم کے دل کے قریب ہے، حکومت بجلی کے شعبے میں بہتری لائی، بجلی پر 1200ارب کی سرکلر ڈیڈ کی شکل میں بوجھ تھا،ریلوے خسارے میں ملا، انتھک محنت کر کے ریلوے کو پاؤں پر کھڑا کیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت کے ریفارمز پروگرامز کی فہرست لمبی ہے ، ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے روزانہ کی بنیاد پر ایک وزارت میڈیا کو جوابدہ ہو گی،آئندہ سال تعمیر پاکستان کاسفر ہو گا،ہرادارے کو ریفارمز کی ضرورت تھی جو ہم نے متعارف کرائی۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات نے مزید کہا کہ قائداعظم نے سامراجی نظام کیخلاف جدوجہد کی تھی، قیام پاکستان کے بعد سامراجی نظام ملک پر مسلط رہا، چند افراد اور ایلیٹ کلاس عوام کے حقوق کو چھینتا رہا،عمران خان نے قائداعظم کے سپاہی کے طور پر مخالفین کو غلط ثابت کیا، عمران خان نے ایک سال میں ایسے پاکستان کی تکمیل کی ہے جس میں حکمرانوں کا مفاد نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے ایسے بیج بوئے ہیں جس کا ثمر ترقی کی صورت میں سامنے آئیگا، 22سال انتھک محنت سے عمران خان کو تاریخی کامیابی ملی،ہم سب عوام کو جواب دہ ہیں، حکومت اظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھتی ہے،کشمیرکاز کے معاملے پر سیاسی معاملات پس پشت ڈالے ہیں، آج کا دن کشمیری بہن بھائیوں کے نام کرتے ہیں،کشمیر کے بغیر پاکستان کا وجود نا مکمل ہے،قومی ایجنڈے میں ہم سب متحد ہیں۔