Saturday, July 27, 2024

حکومت نے اوبر، کریم اور اے ون ٹیکسی سروس بندکردی

حکومت نے اوبر، کریم اور اے ون ٹیکسی سروس بندکردی
January 31, 2017

لاہور / کراچی (92نیوز) عوام کی خوشی میں حکمران خوش کیوں نہیں ہوتے؟ سستی ٹیکسی سروس ارباب اقتدار کو پسند نہ آئی۔ حکومت نے اوبر، کریم اور اے ون ٹیکسی سروس بندکردی۔ فیصلے سے ٹرانسپورٹ مافیا خوش، عوام ناراض۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب میں محکمہ ٹرانسپورٹ نے ذاتی گاڑیوں کو اوبر، کریم کیلئے بطور ٹیکسی چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاون شروع کر دیا۔ اس سلسلے میں اب تک سوسے زائد گاڑیوں اورڈرائیوروں کوپکڑا جاچکا ہے جبکہ فی گاڑی دو ہزار روپے تک جرمانہ بھی کیاجارہا ہے۔ بھاری جرمانوں اورگاڑیوں کی پکڑدھکڑ پر ڈرائیورز نے شدید احتجاج کیا ہے جبکہ شہریوں نے بھی پابندی کو بلاجواز قراردیا اورکہا ہے کہ عوام سے اچھی سہولت چھین لی گئی۔

محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کے خلاف احتجاج کرنے والوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی غریب کش پالیسیاں کئی گھرانوں کے چولہے ٹھنڈے کردے گی۔ حکومت فیصلے پرنظرثانی کرے۔ کئی طلبہ جوگاڑی چلا کراپنے تعلیمی اخراجات برداشت کرتے تھے انہوں نے بھی حکومت سے فی الفورفیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کردیا ہے۔

ادھر کراچی کے شہری جو اسمارٹ فون ایپ کے ذریعے اوبر اور کریم کار سروس سے مستفید ہو رہے تھے لگتا اب وہ بھی اس سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے کیونکہ سندھ حکومت نے اس سروس کی بندش کی سفارش کردی ہے۔ اس سروس سے فائدہ اٹھانے والوں میں خواتین کا تناسب زیادہ ہے۔

خواتین کا کہنا ہے کہ اس کے ذریعے وہ محفوظ سفر کرسکتی ہیں۔ اس کی بندش ان کے لئے نقصان دہ ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ اس سروس کے ذریعے وہ سڑک پر نکل کر رکشا یا ٹیکسی کے لئے کرنے والے انتظار سے نہ صرف بچ جاتے تھے بلکہ اپنی منزل پر بھی بحٖفاظت پہنچ جاتے تھے۔