Tuesday, January 31, 2023

حکومت قطری شہزادے کے خط کے سہارے چل رہی ہے : خورشیدشاہ

حکومت قطری شہزادے کے خط کے سہارے چل رہی ہے : خورشیدشاہ

پشاور (92نیوز) قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ حکومت کبھی قرضوں کے سہارے تو کبھی قطری شہزادے کے خط کے سہارے چل رہی ہے۔ وزیراعظم کے پاس پارلیمنٹ میں آنے کا وقت نہیں۔ انہیں غیرملکی دوروں سے ہی فرصت نہیں۔ قوم کو دہشت گردی سے نجات دلانے کےلئے جنرل راحیل شریف کا کردار سنہری حروف میں لکھا جانا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ پشاور آئے تھے اے این پی کے رہنما حاجی عدیل کی وفات پر تعزیت کےلئے لیکن میڈیا سے آمنا سامنا ہوا تو حکومت کو خوب ہدف تنقید بنایا۔ خورشید کا کہنا تھا کہ یہ حکومت کبھی قرضوں کے سہارے تو کبھی قطرے شہزادے کے خط کے سہارے چل رہی ہے۔

قائد حزب اختلاف نے جنرل راحیل شریف کے دہشت گردی کے خلاف کردار پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ خورشید شاہ نے پی ٹی آئی پر اپوزیشن اتحاد توڑنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے مشکل سے تمام اپوزیشن جماعتوں کو ایک ساتھ بٹھایا تھا۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے پاس پارلیمنٹ آنے کا وقت نہیں۔ انہیں غیرملکی دوروں سے ہی فرصت نہیں۔ لندن ان کا پسندیدہ شہر ہے۔