حکومت عوامی اعتماد کھو چکی، چھٹکارے کا راستہ گوجرانوالہ جلسہ سے نکلے گا، شاہد خاقان

گوجرانوالہ (92 نیوز) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کا اعتماد کھو چکی ہے، مشکلات سے چھٹکارے کا راستہ گوجرانوالہ کے جلسے سے نکلے گا۔
سابق وزیر اعظم شاہدخاقان عباسی نے لیگی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اِس حکومت نے معیشت کو تباہ، بیروزگاری اور غربت کو عام کردیا ہے۔ شہزاد اکبر اپنی ٹکٹ بُک کرا لیں اِن کا بھی احتساب یہیں ہوگا۔ کنٹینرز کبھی بھی عوام کا راستہ نہیں روک سکتے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کو ابھی تک اجازت نہیں دی گئی، اب جلسہ جی ٹی روڈ پر ہو گا۔ چیف سیکرٹری، ہوم سیکرٹری اور گوجرانوالہ انتظامیہ عمران خان کے ملازم نہیں۔ تاریخی جلسہ گوجرانوالہ میں ہو گا۔
اِدھر خرم دستگیر کہتے ہیں تمام تھانوں کو رکاوٹیں کھڑی کرنے کیلئے کنٹینرز پکڑنے کی ہدایات مل گئیں، لیگی کارکنوں کو گرفتار اور کارنر میٹنگز کے مقامات کی تالہ بندی کی جا رہی ہے۔
مریم اورنگزیب اور عظمیٰ بخاری نے کہا انتظامیہ نے گوجرانوالہ میں جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی، حکومت جلسے کو احتجاجی ریلی میں بدلنا چاہتی ہے، کارکنوں پر مقدمات درج کئے جا رہے ہیں، کارنرمیٹنگز کے مقامات کو تالے لگائے جا رہے ہیں۔