حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیگی : نوازشریف

گھوٹکی(92نیوز)وزیراعظم میاں نوازشریف نے گھوٹکی میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیااوربے گھر افراد سے ملاقات بھی کی،، اس موقع پران کا کہنا تھا کہ حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئےتمام اقدامات اٹھائے گی۔
تفصیلات کےمطابق وزیراعظم میاں نوازشریف گھوٹکی میں سیلاب متاثرین کی حالت زار کا جائزہ لینے کے لئے پہنچے تو سیلاب سے بے گھر ہونے والے افراد کی بڑی تعدادجمع تھی۔
وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ بھی اُن کےہمراہ تھے وزیراعظم نے سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت متاثرین کی بحالی کے لئے تمام اقدامات اُٹھائے گی اورساتھ ہی حکومت سندھ کی سیلاب متاثرین کے لئے جاری امدادی سرگرمیوں کی بھی تعریف کرڈالی۔
وزیراعظم نوازشریف نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت سندھ حکومت کے ساتھ مل کرسیلاب زدگان کی بھرپورمدد کرے گی، وزیراعظم نےمتاثرین کے لئے ایک ارب روپے امداد کا اعلان بھی کیا۔
قبل ازیں جب وزیراعظم میاں نواز شریف سکھر پہنچے تو وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے اُن کا استقبال کیا اور وزیراعظم کو سندھ کے مختلف علاقوں میں سیلاب متاثرین کے لئے جاری امدادی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ بھی دی۔