Friday, September 30, 2022

حکومت خود بھی بے یقینی کی کیفیت سے نکلے، ملک کو بھی نکالے ، چوہدری نثار

حکومت خود بھی بے یقینی کی کیفیت سے نکلے، ملک کو بھی نکالے ، چوہدری نثار

اسلام آباد ( 92 نیوز ) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن خود بھی بے یقینی کی کیفیت سے باہر نکلے اور ملک کو بھی باہر نکالے ۔
چوہدری نثارعلی خان نے کہا کہ گو مگو کی پالیسی کسی کے مفاد میں نہیں ۔ بیانات محاذ آرائی کی کیفیت پیدا کررہے ہیں ۔ مسلم لیگ ن کو خود بھی بے یقینی کے ماحول سے نکلنا ہوگا اور ملک کو بھی اس ماحول سے نکالنا ہوگا۔
چوہدری نثار علی خان نے مزید کہا کہ بار بار کہا جاتا ہے کہ اداروں سے تصادم کی پالیسی نہیں اپنائی جارہی لیکن بیانات ایک محاذ آرائی اور تصادم کی کیفیت پیدا کررہے ہیں ۔ ۔یہ صورتحال کسی بھی حوالے ملکی مفاد میں نہیں ۔
انہوں نے کہا کہ وہ متعدد بار کہہ چکے کہ اگر ا یک عدالت کے فیصلے پر اطمینان نہیں تو دوسری عدالت سے انصاف مل سکتا ہے ۔ حدیبیہ کیس کے فیصلے کے بعد کیا یہ بات صحیح ثابت نہیں ہوئی؟۔
چوہدری ثار نے کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ حدیبیہ کیس پر اعلیٰ عدلیہ کے فیصلے پرہم کیا کہیں گے ۔ سابق وزیر داخلہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ کے انتہائی اہم موڑ پر جوش سے زیادہ ہوش سے کام لینا ہوگا اور قوم کو ایک مثبت اور پر امید راستے پر لگانا ہوگا۔