Saturday, July 27, 2024

حکومتی کمیٹی اور سرکاری ملازمین نمائندوں کے درمیان مذاکرات کامیاب

حکومتی کمیٹی اور سرکاری ملازمین نمائندوں کے درمیان مذاکرات کامیاب
February 11, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) حکومتی کمیٹی اور سرکاری ملازمین نمائندوں کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے۔ حکومت نے ملازمین کی تنخواہوں میں 20 فیصد اضافے کی یقین دہانی کرا دی۔

پاک سیکرٹریٹ اور ڈی چوک سمیت شاہراہ دستور پر گزشتہ روز سرکاری ملازمین اور پولیس کے درمیان گھمسان کی لڑائی ہوئی۔ ٹولیوں کی شکل میں ملازمین ڈی چوک پہنچنا شروع ہوئے۔ پاک سیکرٹریٹ کا دروازہ بند ہونے پر ملازمین اندر ہی احتجاج کرتے رہے۔ملازمین کا احتجاج رات گئے تک جاری رہا جس کے بعد حکومتی کمیٹی نے ملازمین کے ساتھ بیٹھک لگائی۔

مذاکرات میں وزیر دفاع پرویز خٹک ، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان نے شرکت کی۔ ملازمین کی نمائندگی آل گورنمنٹ ایمپلایز الائنس کے چیئرمین رحمان باجوہ نے کی۔ وزیر داخلہ نے پولیس کو تمام گرفتار ملازمین کو فوری رہا کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔

صبح سے شاہراہ دستور پر جمع ملازمین نے دھرنے کے خاتمے کو تحریری معاہدے اور تنخواہوں میں اضافے کے نوٹیفکیشن سے مشروط کر دیا۔

احتجاج کے پیش نظر پاک سیکرٹریٹ کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔