حکومتی قرضے !!! ہر پاکستانی ایک لاکھ 12 ہزار کا مقروض ہو گیا: عمران خان

اسلام آباد (92نیوز) کپتان اسلا م آباد میں کارکنوں پر پھر برس پڑے۔ کہتے ہیں تبدیلی آ گئی لیکن پارٹی ڈسپلن تبدیل نہیں ہوا۔ دھرنے کی وجہ سے مہنگائی کم ہوئی۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ چارٹر آف ڈیموکریسی دو جماعتوں میں مک مکا تھا، پی ٹی آئی نے چلنے نہیں دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات جیتنے والے نمائندوں اور ٹکٹ ہولڈر سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز حکومت نے اڑھائی سال میں چار ہزار سات سو ارب کا قرض لیا۔ ہرپاکستانی 1 لاکھ بارہ ہزار کا مقروض ہو گیا ہے۔
اس دور حکومت میں بجلی ، گیس اور پٹرول سب مہنگا ہوگیا۔ چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اڑھائی کروڑ بچے سکول سے محروم ہیں۔ لاکھوں بچے صاف پانی نہ ملنے کی وجہ سے مررہے ہیں لیکن حکومت کو اورنج ٹرین منصوبے سے فرصت نہیں۔ عمران خان نے بتایا کہ دھرنے کی وجہ سے حکومت نے بجلی اور پٹرول سستا کیا ، اب تو بیروزگاروں کی تعداد 50 لاکھ ہو گئی مگر کسی کو پروا نہیں۔