Saturday, July 27, 2024

حکومتی رہنماؤں کے سیکڑوں ارب کے کرپشن کیسز نیب کو نظر نہیں آتے ، شاہد خاقان عباسی

حکومتی رہنماؤں کے سیکڑوں ارب کے کرپشن کیسز نیب کو نظر نہیں آتے ، شاہد خاقان عباسی
June 1, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے حکومتی رہنماؤں کے سیکڑوں ارب کے کرپشن کیسز نیب کو نظر نہیں آتے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب وہ ادارہ نے جس نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ چیئرمین نیب کیمرہ لگا کر عوام کو بتائیں کہ کہاں کرپشن ہوئی۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے الیکشن میں دھاندلی کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پوری مشینری لگی رہی لیکن ن لیگ کا ایک بندہ نہیں توڑ سکے۔ کیا این سی او سی کا الیکشن ملتوی کرنے کا کہنا آئینی ہے؟

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ شہباز شریف پارٹی کے صدر ہیں۔ ووٹ کو عزت دو ان کا شروع دن سے نعرہ ہے۔ مسلم لیگ ن کے اندر تقسیم کی باتیں بے بنیاد ہیں۔ پی ڈی ایم میں پیپلز پارٹی کی واپسی کی ہماری صفر کوششیں ہیں۔ پی پی پی اور اے این پی پی ڈی ایم کا حصہ نہیں ہیں۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اکیسویں صدی ہے اور آج بھی ہم گھروں میں گھس کر مارتے ہیں۔ یورپی یونین نے کہا کہ پاکستان میں صحافی محفوظ نہیں ہیں، صحافیوں کو نوکریوں سے نکالا جا رہا ہے۔