حکمران جماعت نے خواتین کے پولنگ اسٹیشنوں پر دھاندلی کا منصوبہ بنا لیاہے :عمران خان
اسلام آباد(92نیوز)تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن نے چھ بار باریاں لیں لیکن عوام کو کچھ نہیں دیا ،حکمران جماعت نے خواتین پولنگ اسٹیشنوں پر دھاندلی کرنے کا منصوبہ بنا لیا، بیلٹ باکس لے جانے والی گاڑیوں میں فوجی تعینات کرنے کی درخواست دیں گے۔
تفصیلات کےمطابق سمن آباد لاہور میں عمران خان نے علیم خان کی انتخابی مہم کے سلسلے میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ این اے ایک سو بائیس میں انصاف کےلئے ڈھائی سال لگے،حلقے میں ترپن ہزار ووٹ جعلی نکلے لیکن کسی کو سزا نہیں دی گئی نون لیگ نے چھ بار باریاں لیں لیکن عوام کو کچھ نہیں دیا۔ کپتان نے تحریک انصاف میں شامل ہونے والے لیگی رہنماؤں کے حوالے سے انکشاف کیا کہ دو ہزار تیرہ کے الیکشن میں بیلٹ باکس لے جانے والی گاڑیوں میں بھی دھاندلی کی گئی۔
تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ دو ہزار تیرہ میں عوام ان کے ساتھ تھے لیکن الیکشن ن لیگ جیت جاتی ہے نواز شریف کو جمخانہ سے ہی اپنے ایمپائروں کیساتھ بیٹنگ کرنے کی عادت ہے۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں جن کے پاس دولت ہوتی ہے حکومت ان پر ٹیکس نہیں لگاتی کسانوں اور مزدوروں پر ٹیکسوں کا بوجھ لاد کر انہیں مزید دلدل میں پھنسا دیا جاتا ہے۔
عمران خان نے اپنے خطاب میں انکشاف کیا ہے کہ وزیر اعظم کے حالیہ غیر ملکی دوروں میں استعمال ہونے والے طیارے سے قومی خزانے کو 25کروڑ روپے کا نقصان ہو ا ،سمن آباد میں جلسے میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ پاکستان سے امیر ملک ہے لیکن وہاں کا وزیر اعظم اقوام متحدہ کے اجلاس میں شامل ہونے کے لیے قومی ائیر لائن کی بزنس کلاس میں سفر کرتا ہے جبکہ پاکستان کے بادشا ہ نواز شریف اپنے لیے بوئنگ 777لے کر گئے جس کی وجہ سے 15دنوں میں قومی خزانے کو 25کروڑ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ۔