حمزہ شہباز کی رمضان شوگر ملز ، صاف پانی کمپنی کیس میں ضمانت منظور

لاہور ( 92 نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے رمضان شوگر ملز اور صاف پانی کمپنی کیس میں حمزہ شہباز کی ضمانت منظور کر لی۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے جہاں ان کی ضمانت کیلئے درخواست پر سماعت کی گئی ۔
دوران سماعت معزز جج کی جانب سےغیر متعلقہ وکلاء کی عدالت میں موجودگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ گذشتہ سماعت پربھی پابندبنایا تھا کہ عدالتی آداب کاخیال رکھاجائےسیاسی کارکن عدالت میں سیلفیاں بناتے ہیں انہیں کس نے دیکھنا ہے ۔
جس پر حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ نہیں جانتا میڈیا کو کیسے پتہ چلا مگر آئندہ اس بارے میں محتاط رہیں گے ۔
حمزہ شہباز کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ رمضان شوگر ملز کاریفرنس دائر ہونے کے باوجود نیب کی جانب سے گرفتاری کا خدشہ ہے، نیب صاف پانی کمپنی سکینڈل کیس میں بھی بلاجوازگرفتار کرنا چاہتا ہے استدعا ہے کہ عدالت رمضان شوگر ملز اور صاف ہانی کیس میں عبوری ضمانت منظور کرے۔
حمزہ شہباز کی آمد کے موقع پر سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی آج نیب کے روبرو پیش نہیں ہوئے ، انہیں آج نیب کی جانب سے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور مبینہ منی لانڈرنگ سے متعلق پوچھ گچھ کے لئے طلب کیا گیا تھا ۔
نیب نے حمزہ شہباز شریف کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئےجمعہ کے روز 11 بجے طلب کر لیا۔
نیب نوٹس میں کہاگیا کہ عدالت نے آپ کو نیب سے تعاون کرنے کا کہا تھا جبکہ آپ تعاون نہیں کررہے ۔