Saturday, September 21, 2024

حمزہ شہباز ایف آئی اے لاہورمیں پیش ، تفتیشی ٹیم کو تحریری جواب جمع کروا دیا

حمزہ شہباز ایف آئی اے لاہورمیں پیش ، تفتیشی ٹیم کو تحریری جواب جمع کروا دیا
June 30, 2021

لاہور (92 نیوز) شوگر ملز منی لانڈرنگ کیس میں حمزہ شہباز ایف آئی اے لاہور میں پیش ہوگئے۔ تفتیشی ٹیم کو تحریری جواب جمع کروا دیا۔

حمزہ شہباز نے جواب دیا کہ نیب کے کیس میں 22 ماہ پابند سلاسل رہا، ایک دھیلے کی کرپشن یا منی لانڈرنگ ثابت نہہں ہو سکی۔ ایف آئی اے نے پچھلی پیشی پر میرے حوالے سے جھوٹا بیان منسوب کرکے میڈیا پر چلوایا۔ ایف آئی اے کی تفتیشی ٹیم نے 17 دسمبر 2020 کوکوٹ لکھپت جیل میں مجھ سے تفتیش کی، جو سوالات کیے گئے ان کے تفصیلی جوابات دیئے۔ ایف آئی اے کو مزید تفتیش کرنے کا خیال چھ ماہ بعد کیوں آیا؟

 حمزہ شہباز بولے ایسا کیوں ہے کہ میری ضمانت کے بعد ایف آئی اے نے نیب کے ریفرنس میں لگائے گئے الزامات کے حوالے سے ہی تفتیش شروع کر دی۔ نیب نے میرے تمام اثاثہ جات کی مکمل چھان بین کی اور کسی قسم کی کوئی بے ضابطگی سامنے نہیں آسکی۔

مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا کہ رکاوٹیں کھڑی کرکے ہمارے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔

حمزہ شہباز کی پیشی کے موقع پر مسلم لیگ ن کے ارکان کو پولیس نے رکاوٹوں سے آگے جانے سے روک دیا۔ اس موقع پر لیگی کارکن پولیس کے ساتھ دھکم پیل بھی کرتے رہے۔