Saturday, October 1, 2022

حضرت داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کے 972ویں عرس مبارک کا آغاز

حضرت داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کے 972ویں عرس مبارک کا آغاز
لاہور (92نیوز) الشیخ السید ابوالحسن علی بن عثمان الہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کا نو سو بہترواں عرس مبارک لاہور میں شروع ہو گیا۔ عرس کا باقاعدہ آغاز رسم چادر پوشی سے ہوا جس کے ساتھ ہی دودھ کی سبیل کا افتتاح بھی ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق مرکز تجلیات منبع فیوض و برکات حضرت داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کے عرس مبارک کی تقریب کا آغاز کلام پاک سے کیا گیا۔ قرات بین ا لاقوامی شہرت یافتہ قاری صداقت علی نے کی۔ تلاوت قرآن کے بعد نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم اور منقبت و سلام بھی پیش کیا گیا۔ روح پرور محفل کے بعدمزار کی چادر پوشی کی رسم ادا کی گئی۔ وفاقی وزیر خزانہ وچیئرمین امور مذہبیہ کمیٹی داتا دربار اسحاق ڈار‘ صوبائی وزیر اوقاف عطاءمانیکا‘ بلال یٰسین سمیت معززین نے مزار پر چادر چڑھائی اور درود و سلام پڑھا۔ رسم چادر پوشی کے ساتھ ہی دودھ کی سبیل کا افتتاح بھی کر دیا گیا۔ عرس پر آنیوالے زائرین کیلئے داتا دربار کی امور مذہبیہ کمیٹی کے علاوہ مخیر حضرات کی جانب سے بھی تینوں دنوں لنگرکا وسیع انتظام کیا گیا ہے۔ تین روزہ عرس کیلئے سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ اٹھارہ سو سے زائد پولیس اہلکارفرائض سرانجام دے رہے ہیں۔