حسن عسکری کی نگران وزیراعلیٰ پنجاب تعیناتی پر مسلم لیگ ن نے سوالات اٹھا دیئے
لاہور ( 92 نیوز) حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے نگران وزیراعلیٰ کا فیصلہ نہ ہونے پر معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں گیا مگر وہاں سے بھی ڈیڈ لاک برقرار ہونے پر الیکشن کمیشن کے سپرد کر دیا گیا جس نے پروفیسر حسن عسکری کو نگران وزیراعلیٰ پنجاب تعینات کر دیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے پروفیسر حسن عسکری کی بطور نگران وزیراعلیٰ تعیناتی پر مسلم لیگ ن نے سوالات اٹھا دیئے ہیں ۔
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے فیصلے سے الیکشن پر اثر پڑے گا ، عبوری وزیراعلیٰ کو غیر جانبدار ہونا چاہئے ۔ ن لیگ اور جمہوریت کے حوالے سے پروفیسر حسن عسکری کے خیالات بیان نہیں کرسکتے،نظر آرہا ہے الیکشن شفاف نہیں ہونگے ۔
خواجہ سعد رفیق بولے امید ہے حسن عسکری خود ہی منصب سے پیچھے ہوجائیں گے۔