Friday, October 7, 2022

حدیبیہ پیپر ملز کا مجسم ثبوت لندن اسپتال کے بستر پر پڑا ہے، اعتزازاحسن

حدیبیہ پیپر ملز کا مجسم ثبوت لندن اسپتال کے بستر پر پڑا ہے، اعتزازاحسن

اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزازاحسن نے نوازشریف اور اسحاق ڈار پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حدیبیہ پیپر ملز کا مجسم ثبوت لندن کے اسپتال کے بستر پر پڑا ہے۔

اعتزاز احسن نے میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیراعظم نوازشریف پر خوب تنقید کے نشتر چلائے اور کہا مسلم لیگ ن میں شہبازشریف اور چودھری نثار کا گروپ بن رہا تها، جسے نوازشریف نے ساتھ ملا لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی جمہوریت کو ڈی ریل نہیں کر رہی بلکہ نواز شریف عدلیہ پر حملوں سے جمہوریت کو ڈی ریل کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے آمدنی سے زائد اثاثے رکھنے کے الزام میں ایک ریفرنس دائر کیا تھا۔

اسحاق ڈار ان دنوں لندن کے ایک ہسپتال میں زیر علاج ہیں، گذشتہ دنوں ان کے استعفیٰ کا معاملہ بھی کافی گرم ہوا تھا، تاہم انہوں نے وزارت سے استعفیٰ دینے سے انکار کردیا تھا۔