Monday, December 5, 2022

حج آپریشن‘ طیاروں کی کمی سے اندرون و بیرون ملک 9 پروازیں منسوخ

حج آپریشن‘ طیاروں کی کمی سے اندرون و بیرون ملک 9 پروازیں منسوخ
کراچی (92نیوز) حج آپریشن اور طیاروں کی عدم دستیابی۔ کراچی ایئرپورٹ پر پی آئی اے اور نجی ایئر لائنز کی اندرون و بیرون ملک کی 9 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ مسافروں کو پریشانی کا سامنا۔ تفصیلات کے مطابق حج آپریشن اور طیاروں کی عدم دستیابی سے فلائٹ شیڈول بری طرح متاثر ہو گیا۔ کراچی میں پی آئی اے سمیت نجی ایئر لائنز کی نو پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ فلائٹ شیڈول کے مطابق پی آئی اے کی کراچی سے صبح چھ بجے اسلام آبادجانے والی پرواز پی کے تھری ون زیرو اور واپس کراچی آنےوالی پرواز پی کے تھری سکس فائیو کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ نجی ایئرلائنز کی صبح ساڑھے سات اسلام آباد روانہ ہونے والی پرواز کے علاوہ لاہور جانے والی دوپروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔ ناگزیر وجوہات کی بنا پر نجی ائیر لائن کی دبئی سے لاہور آنے والی پرواز کو بھی منسوخی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ پروازوں کی منسوخی کی وجہ سے مسافروں کو شدیدپریشانی کا سامنا ہے۔