Thursday, September 19, 2024

حج آپریشنل پلان جاری، طواف کعبہ کے لیے پچیس ٹریک تیار

حج آپریشنل پلان جاری، طواف کعبہ کے لیے پچیس ٹریک تیار
July 1, 2021

ریاض (92 نیوز) سعودی حکومت نے حج آپریشنل پلان جاری کردیا، طواف کعبہ کے لیے پچیس ٹریک تیار کر لیے گئے۔ عازمین حج کی خدمت کے لیے 10 ہزار افراد مامور ہوں گے۔

حج آپریشنل پلان مسجد حرام اور مسجد نبویﷺ کے امور کے نگرانِ اعلی  عبدالرحمن السدیس نے جاری کیا۔

سعودی حکام کے مطابق عازمین حج کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے گا، کسی بھی ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ کورونا ایس اوپیز پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وقوف عرفہ کے خطبے کا ترجمہ دس زبانوں میں دیا جائے گا، خطبہ جمعہ اور یوم عرفہ کے خطبے سے فائدہ اٹھانے والوں کی تعداد 100 ملین تک ہوگی۔ خواتین مہمانان حرم کی خدمات کیلئے خواتین بھی حصہ لیں گی۔ حج محدود کرنے کا فیصلہ حجاج کی صحت و سلامتی کی خاطر کیا گیا۔

ڈاکٹر السدیس کا کہنا ہے، شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں عازمین کو بہترین خدمات کی فراہمی قابل تحسین ہے۔ آپریشنل پلان کی تیاری میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی سے منسلک تمام  اداروں سے رابطہ رکھا جاتا ہے۔