Saturday, July 27, 2024

حامد ناصر چٹھہ خاندان سمیت پی ٹی آئی میں شامل ،نواز شریف اقتدار میں عوامی خدمت نہیں اثاثے بنانے آتے ہیں : عمران خان

حامد ناصر چٹھہ خاندان سمیت پی ٹی آئی میں شامل ،نواز شریف اقتدار میں عوامی خدمت نہیں اثاثے بنانے آتے ہیں : عمران خان
February 11, 2016
وزیرآباد(92نیوز)سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور لیگی رہنما حامد ناصر چٹھہ نے خاندان سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا عمران خان نے ان کے صاحبزادے محمداحمد چٹھہ کو این اے ایک سو ایک وزیرآباد کے ضمنی الیکشن میں امیدوار نامزد کر دیا ہے کہتے ہیں کہ نوازشریف کا اقتدار میں آنے کا مقصد عوامی خدمت نہیں بلکہ اپنے اثاثے بنانا ہے۔ تفصیلات کےمطابق حامد ناصر چٹھہ نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے لیے اپنی آبائی حویلی کے احاطے میں پنڈال سجایا عمران خان نے چٹھہ خاندان کی تحریک انصاف میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ بڑی دیر سے اس گھڑی کا انتظار کر رہے تھے۔ عمران خان وزیراعظم نوازشریف پر تنقید کرنا نہ بھولے انہوں نے کہا کہ بھاری قرضے لے کر اورنج لائن میٹرو ٹرین جیسے منصوبے پیسہ بنانے کیلئے بنائے جا رہے ہیں اگر یہی پیسہ کسانوں کو سبسڈی کی مد میں دے دیں تو ملک خوشحال ہو جائے گا۔ حامد ناصر چٹھہ نے کہا کہ نوازشریف کو اپنے اور اپنے خاندان کے علاوہ کچھ نظر نہیں آتا جبکہ محمد احمد چٹھہ کا کہنا تھا کہ وہ عوام کی خدمت کے لیے تحریک انصاف میں شامل ہوئے ہیں۔ شاہ محمودقریشی، جہانگیر ترین، چودھری سرور سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے بائیس مارچ کو لودھراں کی طرح وزیرآباد کے ضمنی انتخابات کے معرکے میں بھی مسلم لیگ ن کو چاروں شانے چت کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔