Saturday, July 27, 2024

حافظ آباد ، نوجوان لڑکیوں کی ریڑھ کی ہڈی سے بون میرو نکالنے والا گروہ گرفتار

حافظ آباد ، نوجوان لڑکیوں کی ریڑھ  کی ہڈی سے بون میرو نکالنے والا گروہ گرفتار
February 12, 2018

حافظ آباد ( 92 نیوز ) حافظ آباد  میں جہیز پیکیج کا لالچ دیکر غریب گھرانوں کی نوجوان بچیوں کی ریڑھ کی ہڈی سے بون میرو اور دیگر مواد نکالنے کا مکروہ دھندہ کرنے والے گروہ  کو دھر لیا گیا  ۔ پولیس نے خاتون سمیت متعدد ملزمان رنگے ہاتھوں گرفتار کر لئے ۔

پولیس  نے محلہ شریف پورہ میں خفیہ اطلاعات پر ایک گھر پر چھاپا مار کر بون میرو نکالنے والے گروہ سے تعلق رکھنے والی آمنہ بی بی زوجہ محمد اسلم ، ندیم ولد اقبال غفاری  سمیت دیگر ملزموں کو گرفتار کر لیا جبکہ مواد سے بھری سرنجیں بھی برآمد کر لیں ۔

 ملزمہ آمنہ بی بی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ طویل عرصے سے  ایک گروہ کی شکل میں یہ دھندہ  کررہے ہیں اور اب تک 15کے قریب غریب لڑکیوں کے جسموں سے مواد نکالا جا چکا ہے ۔

پولیس  کے مطابق ندیم ولد اقبال غفاری محلہ شریف پورہ کا رہائشی ہے  جس   نے کسوکی روڈ کے رہائشی محمد اسلم ہنجرا کے گھر میں یہ مکروہ دھندا شروع کر رکھا تھا ۔

پولیس نے متاثرہ بچی کے والد سرفراز احمد کی درخواست پر  چار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے  جس کی تحقیقات جار ی ہیں  جبکہ دوسری طرف اس گروہ کی شکار بننے والی 15 بچیاں  انتہائی شدید جسمانی تکلیف کا شکار ہیں ۔

اس گروہ کے اہم ملزم ندیم نے انکشاف کیا ہے کہ وہ غریب لوگوں کو جہیز اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا جھانسہ دے کر اپنے جال میں پھنساتا تھا اور بون میرو  ڈسٹرکٹ اسپتال کے ملازم  ساجد کو دیتا تھا ۔

پولیس نے ندیم کے انکشاف کے بعد تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔