Friday, December 3, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

جے یو آئی ف کا مبینہ دھاندلی کیخلاف مختلف شہروں میں احتجاج، عوام خوار ہو گئے

جے یو آئی ف کا مبینہ دھاندلی کیخلاف مختلف شہروں میں احتجاج، عوام خوار ہو گئے
August 8, 2018
پشاور ( 92 نیوز) جے یو آئی ف نے مبینہ دھاندلی کے خلاف مختلف شہروں میں احتجاج کیا جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ جے یو آئی  فضل الرحمان نے کراچی ، پشاور ، نوشہرہ، حیدرآباد سمیت کئی شہروں میں مظاہرے  کئے ۔ احتجاجی مظاہروں کے باعث کئی شہروں میں ٹریفک جام ہو گئی جس سے خواتین ، بچے اور بزرگ بری طرح  سڑکوں پر خوار ہوتےرہے ۔ کراچی میں گھگھر پھاٹک پر احتجاج مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے نیشنل ہائی وے کو بلاک کردیا ، تاہم پولیس کےساتھ مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کردیا گیا ۔ لکی مروت کے علاقے درہ پیزو میں جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، لکی سیمنٹ فیکٹری چوک میں مظاہرین نے ٹائر جلا کر انڈس ہائی وے ٹریفک کیلئے بند کردی اور الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے بازی کی ۔ حیدرآباد میں انتخابات میں مبینہ دھاندلی کےخلاف ہٹڑی بائی پاس پر احتجاجی دھرنا دیا گیا، جس کے باعث کراچی سے اندرون ملک جانے والی ٹریفک مکمل طور پر معطل ہوگئی۔ دھرنے میں جے یو آئی کی صوبائی قیادت شریک تھی، کو ئٹہ میں تمام قومی شاہراؤں کو دھرنے دے کر بند کردیا گیا، مظاہرین نے الیکشن کمیشن سمیت متعلقہ اداروں سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا، شاہراہیں بند ہونے سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ گزشتہ دور حکومت میں دھاندلی پر احتجاج کرنے والوں کو طعنے دینے والے آج خود سراپا احتجاج ہیں، ماضی میں حزب اقتدار میں شامل جے یو آئی ف کےپاس اپنی بقا کیلئے احتجاج کا راستہ اختیار کرنے کے سوا کوئی آپشن نظر نہیں آتا۔