جی ایچ کیومیں یوم دفاع کی مرکزی تقریب ، وزیراعظم،آرمی چیف و دیگر کی شرکت
راولپنڈی ( 92 نیوز ) یوم دفاع و یوم شہدا کی مرکزی تقریب جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی جس میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان ،خاتون اول بشریٰ بی بی ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور اور مسلح افواج کے سربراہان نے شرکت کی ۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری ، صدر پاکستان مسلم لیگ ن شہباز شریف ، وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر اطلاعات فوا د چودھری ،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، وزیر خزانہ اسد عمر ،وزیر ریلوے شیخ رشید ، سابق کرکٹر شاہد آفریدی اور سابق ہاکی اولمپئنز شہباز سینئر نے بھی شرکت کی ۔
مرکزی تقریب میں قیام پاکستان سے لے کر آج تک کے حالات کا احاطہ کرتی ویڈیو دیکھائی گئی ۔ ویڈیو میں آزادی کے بعد جنگوں میں دی گئی قربانیوں کی یاد تازہ کی گئی جس سے تقریب کے شرکا آبدیدہ ہو گئے ۔
جی ایچ کیو میں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہدا کو سلامی دی اور خراج عقیدت پیش کیا ۔ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔