جیسے بھی ہوں الیکشن وقت پر ہوں ، اعتزاز احسن
کراچی (92 نیوز) پیپلزپارٹی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی اہلیت پر سوال اٹھا دئیے۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ جیسے بھی ہوں الیکشن وقت پرہوں۔ کوئی سسٹم الیکشن کو التوا میں ڈال رہا ہے۔
عام انتخابات پچیس جولائی کو ہوں گے یا نہیں ۔ ملک بھر میں افواہوں کا بازار گرم ہےاور الیکشن کے التوا کے مطالبات بھی سامنے آنے لگے ہیں۔
پیپلزپارٹی کے بڑوں نے بڑی بیٹھک لگائی اور فیصلہ ہوا کہ الیکشن میں تاخیر کسی صورت قبول نہیں۔
بلاول ہاوس کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران جیالے رہنماوں نے عدالتی اختیار پارلیمنٹ کے کردار اورالیکشن کمیشن کی اہلیت پر سوال اٹھائے۔
اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ بولے پارلیمنٹ کے پاس کردہ قانون کی تشریح سپریم کورٹ کر سکتی ہے ۔
جیالے رہنماوں نے الیکشن کمیشن کی اہلیت اور کردار پرانگلیاں اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر حلقہ بندیوں پر اور کاغذات نامزدگی پر اپیلیں زیر سماعت تھیں تو شیڈول کیوں دیا۔
سینیٹر شیری رحمن نے کہا کہ اگر پارلیمنٹ کے منظور کردہ کاغذات نامزدگی تبدیل ہوئے تو منتخب سینیٹرز پر بھی سوال اٹھے گا۔