لودھراں (92 نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ نے جہانگیر ترین کو نا اہل کیا ہم نے عدالت کا فیصلہ مان لیا ۔
لودھراں میں جلسے سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ میں سیاست نہیں مافیا کے خلاف جہاد کر رہا ہوں ۔ جب نواز شریف سے پوچھا کہ ملک سے پیسہ کیسے باہر گیا تو قطری خط لے آیا ۔ شریف خاندان لوگوں کو پاگل بنا رہا ہے ۔
عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ نے نواز شریف کو مافیا کا سردار کہا ۔ نواز شریف اداروں کو خریدتا ہے اور ملک کو تباہ کرتا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم پر دباو ڈالنے اور بلیک میل کرنے کے لئے ہم پر کیسز کئے گئے ۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ جہانگیر ترین نے کوئی کرپشن نہیں کی ۔ جہانگیر ترین نے اپنے اثاثے پہلے ہی ڈکلئیر کئے ہوئے تھے ۔
عمران خان نے کہا کہ جہانگیر ترین سب سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے ۔ جہانگیر ترین شریفوں اور زرداری کی طرح نہیں ۔ جب کسان محنت کر کے شوگر مل میں جائے ان کو پورا پیسہ نہ دے ۔
ادھر جوش خطابت میں عمران خان نے شہباز شریف کو قاتل اعلیٰ کہ ڈالا انکا کہنا تھا کہ یہ خادم اعلیٰ نہیں قاتل اعلیٰ ہے ۔ شہباز شریف کے دور میں پولیس نے 870 قتل کئے ۔ عابد باکسر نے کہا کہ وہ شہباز شریف کے کہنے پر لوگوں کو قتل کرتا تھا ۔
عمران خان نے چیف جسٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس عابد باکسر کی حفاظت کرو وہ بتائے گا کہ شہباز شریف کتنا بڑا قاتل اعلیٰ ہے ۔
علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ نواز شریف مافیا ہے ۔ وزیروں کے ساتھ ملکر ملک سے پیسہ چوری کرتا ہے اور باہر لے جاتا ہے ۔ نواز شریف وہ مافیا ہے جو لوگوں کو خریدتا ہے اور ملک کے اداروں کو تباہ کرتا ہے ۔
عمران خان نے نواز شریف کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اک جلسہ تم کرو کہ تمہیں کیوں نکالا ایک میں کرتا ہوں کہ تمہیں ٹھیک نکالا ۔ انہوں نے کہا کہ دیکھ لیتے ہیں کس کے جلسے میں لوگ زیادہ آتے ہیں ۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جتنا قرضہ نواز شریف کے دور میں لیا گیا کسی دور میں نہیں لیا گیا ۔ وہ پیسہ جو ملک پر لگنا چاہیے وہ چوری کر کے باہر لے جایا گیا ۔ جب پیسہ باہر جاتا ہے تو ڈالر کی کمی ہوتی ہے اور ہمیں قرضے لینے پڑتے ہیں ۔