جوہر ٹاؤن دھماکے میں بھارت ملوث ہے ،معید یوسف
اسلام آباد (92 نیوز) مشیر قومی سلامتی معید یوسف کا کہنا ہے جوہر ٹاؤن دھماکے میں بھارت ملوث ہے۔
معید یوسف نے فواد چودھری اور آئی جی پنجاب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لاہور دھماکے کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں۔ دھماکے کے ماسٹر مائنڈ کا تعلق بھارتی خفیہ ایجنسی ''را ''سے ہے۔ وثوق سے کہا جا سکتا ہے دھماکے میں بھارتی حکومت ملوث ہے ۔ لاہور دھماکے کی تمام فنڈنگ بھارت سے ہوئی ۔ بھارت نے تیسرے ملک کے ذریعے پیسے بھجوائے۔
آئی جی پنجاب انعام غنی نے کہا دھماکے میں ساری کارروائی کو پلان کرنے والے اور اس کو عملی جامہ پہنچانے والے سامنے آگئے۔ سب سے پہلے پیٹر جس کی عمر چھپن سال ہو گی، پاکستانی شہری ہے، بیرون ممالک ہوٹل چلاتا رہا۔ پیٹر نے پاکستان کے باہر کے ساتھ سارا پلان کنیکٹ کیا۔ پیٹر نے گاڑی کا انتظام کیا۔ ایسی گاڑی جو چھینی گئی تھی، انجن ٹمپرڈ تھا اور سپرداری پر تھا۔ وہیکل جن کے ذریعہ تلاش کی ان تک ہم پہنچے۔ اس گاڑی کو ٹسٹ رن بھی کیا۔ باہر سے پیٹر کو جو فنڈنگ ہوئی اور فون ریکارڈ سب ہمارے پاس موجود ہے، جن کے ذریعہ کاروائی ڈالی گئی ان تک بھی پہنچ گئے۔
آئی جی پنجاب نے کہا اس فرد نے گاڑی میں دھماکہ خیز مواد فکس کیا۔ اس کو سب علم تھا کہاں جانا اور کہاں گاڑی کھڑی کرنا ہے۔ اکیس جون کو عید گل نامی شخص نے پورے علاقے کی ریکی کی۔ بائیس جون کو رکشہ پر پورےعلاقے کی ریکی کی۔ عید گل افغان نژاد ہے لیکن اس کی ساری عمر پنجاب میں گزری۔ اس لئے پنجابی بولتا تھا۔ تئیس جون کو اس گاڑی کو اسلام آباد لایا گیا۔ اس گاڑی میں بارودی مواد فکس کرنے سمیت سب معلومات اور ثبوت ہمارے پاس ہے۔ یہ گاڑی موٹروے کے ذریعہ گئی، ریسٹ ایریا میں بھی رکی رہی، گاڑی بارہ گھنٹے میں موٹروے پر انٹر ہو کر ایگزٹ ہوئی۔
ادھر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی میں بھارت براہ راست ملوث ہے۔ بھارتی حکومت دہشت گردی کرا رہی ہیں۔ لاہور دھماکے میں ملوث سارا گینگ ہمارے قابو میں ہے۔ دہشتگرد گروہ کیخلاف کامیاب کارروائی پر ایس ٹی ڈی، پولیس سمیت تمام ایجنسیوں کو مبارکباد دیتے ہیں۔