جوڈیشل کمیشن نے فریقین کے لئے سوالنامہ جاری کر دیا
اسلام آباد(92نیوز)دھاندلی کی تحقیقات کے حوالے سے قائم جوڈیشل کمیشن نے رجوع کرنے والی تمام سیاسی جماعتوں کے لئے ایک سوالنامہ جاری کیا ہے جس میں دھاندلی کے حوالے سے گزارشات اور ثبوتوں کے متعلق پوچھا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جوڈیشل کمیشن نے سیاسی جماعتوں سے پوچھا ہے کہ بتایا جائے کہ کیا دو ہزار تیرہ کے عام انتخابات دھاندلی سے بھرپور تھے کیا قوانین کی خلاف ورزی کی گئی یا پھر ان عام انتخابات میں ضوابط کی پاسداری نہیں ہوئی، اگر ایسا ہی ہے تو اپنی رائے کو مضبوط بنانے کےلئے ثبوت فراہم کئے جائیں تاکہ جوڈیشل کمیشن کارروائی بڑھائے۔
جوڈیشل کمیشن نے سوالنامے میں مزید پوچھا ہے کہ بتایا جائے کیا عام انتخابات باقاعدہ منظم منصوبے کی رو سے شفاف نہیں تھے کیا کسی جماعت نے اس حوالے سےدھاندلی کی پہلے سے منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔
جوڈیشل کمیشن نے پوچھا ہے کہ بتایا جائے اگر یہ سازش تھی تو کس نے تیار کی کون کون اس میں شامل تھا اور فریقین اس حوالے سے گواہ بھی جوڈیشل کمیشن کے رو برو پیش کریں۔