جوڈیشل کمیشن نے سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب اور سابق سیکرٹری اشتیاق احمد کو بطورگواہ طلب کرلیا
اسلام آباد(ویب ڈٰیسک)عام انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کے انکوائری کمیشن نے سیکرٹری الیکش کمیشن بابر یعقوب اور سابق سیکرٹری اشتیاق احمد کو بطور گواہ طلب کرلیا۔
جرح کے دوران فافن کے سربراہ مدثر رضوی نے بتایا کہ الیکشن کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے فون کرکے حلقہ این اے 122 کی فا فن رپورٹ پر ناراضی کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں 2013 کے عام انتخابات کے انکوائری کمیشن کی کارروائی ہوئی۔
تحریک انصاف کے وکیل حفیظ پیرزادہ نے فافن کے سربراہ مدثر رضوی سے جرح کرتے ہوئے پوچھا کہ انہوں نے کتنے حلقوں کی فارم 14 کی رپورٹ مرتب کی۔
مدثر رضوی نے بتایا کہ ہم نے فارم 14 حاصل کرنے کے لیے 267 قومی اسمبلی کے حلقوں کے آراوز سے رابطہ کیا، ایک سو اکسٹھ نے فارم 14 کی مصدقہ نقل فراہم کیں، تاہم جس آر او نے معلومات نہیں دی ، انہیں حاصل کرنے کے لیے الیکشن کمیشن سے رابطہ کیا، آج کی تاریخ تک ان حلقوں کے فارم14 کی نقول نہیں دی گئیں۔
حفیظ پیرزادہ نے پوچھا کہ کیا فافن کو رپورٹس مرتب کرنے پر کوئی دھمکیاں بھی ملیں۔
مدثر رضوی نے بتایا کہ الیکشن کے بعد کسی حکومت سے دھمکیاں نہیں ملیں مگر حلقہ این اے 122 سے منتخب اسپیکر ایاز صادق نے مھجے فون کال کی ، وہ این اے 122 کی رپورٹ پر کافی غصے میں تھے۔
ن لیگ کے وکیل شاہد حامد کے استفسار پر مدثر رضوی نے اعتراف کیا کہ فافن ایک غیر رجسٹرڈ، غیر رسمی نیٹ ورک ہے ، جس میں کل 42 این جی اوز شامل ہیں ، فافن کو امریکا ، برطانیہ ، یورپی یونین اور دیگر سے فنڈنگ کی جاتی ہے، تاہم فافن کا کوئی بینک اکاونٹ ہے نہ ہی یہ نیٹ ورک ٹیکس بھرتا ہے۔
الیکشن کمیشن کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے انکوائری کمیشن کو آگاہ کیا کہ جو دستاویزات کمیشن پی ٹی آئی کی درخواست پر طلب کر رہا ہے وہ فارم نمبر 15 ہے، یہ فارم محکمہ مال میں موجود ووٹوں کے سر بمہر تھیلوں میں موجود ہے۔
انکوائری کمیشن نے الیکشن کمیشن کے وکیل کو کل تک فارم نمبر 15 کے حوالے سے جواب جمع کرانے کی ہدایت کی، جبکہ انکوائری کمیشن نے پچیس مئی کے لیے الیکشن کمیشن کے موجودہ سیکرٹری بابر یعقوب ، اور سابق سیکرٹری اشتیاق احمد کو سمن جاری کردیئےجبکہ 26 مئی کو بلوچستان کے الیکشن کمیشنر اور سیکرٹری پرنٹنگ پریس کو بلایا جائے گا۔