Sunday, September 15, 2024

جوڈیشل کمیشن بنانا بہت بڑا رسک تھا‘ ناتجربہ کار سیاستدان نے کسان پیکج سیاست کی بھینٹ چڑھا دیا: نوازشریف

جوڈیشل کمیشن بنانا بہت بڑا رسک تھا‘ ناتجربہ کار سیاستدان نے کسان پیکج سیاست کی بھینٹ چڑھا دیا: نوازشریف
October 10, 2015
لاہور (92نیوز) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن بنا کر ملک کی خاطر بہت بڑا رسک لیا۔ جن کے خلاف فیصلہ آیا وہ پھر بھی نہ مانے، عمران خان کو ہر مرحلے پر بات چیت کی دعوت دی۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی روشنیاں بحال کریں گے، سستی بجلی فراہم کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیرا عظم نواز شریف نے سیاسی مخالفین کو خوب آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کپتان کو بھی کھری کھری سنا دیں۔ دھرنے کی سیاست کو ملک کے لئے نقصان دہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان لوگوں نے دھرنوں‘ توڑ پھوڑ اور میں نہ مانوں کی سیاست کرنی ہے تو لگے رہیں‘ حکومت ترقی کا سفر جاری رکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ناتجربہ کار سیاستدان نے کسان پیکیج کو بھی سیاست کی بھینٹ چڑھا دیا۔ نواز شریف نے کہا کہ تنقید کرنے والے سوچ سمجھ کر بولا کریں۔ انکوائری کمیشن نے عمران خان کے تمام الزامات مسترد کر دیئے۔ اگر فیصلہ ان کے خلاف آتا تو وہ مستعفی ہو جاتے مگر عمران خان ضد پر اڑے رہے۔ خان صاحب سے خود ملنے گئے مگر انہوں نے خوش اخلاقی کا جواب دھرنے کی صورت میں دیا لیکن دھرنے والوں کا حال سب کے سامنے ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ انکوائری کمیشن بنا کر بہت بڑا رسک لیا لیکن فتح انصاف کی ہی ہوئی۔ دریں اثنا وزیرا عظم نواز شریف نے اورنج لائن منصوبے کو بے مثال قرار دیا ہے۔ اورنج لائن منصوبے پر منعقدہ اجلاس کے دوران وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ملک میں ترقی کاسفر بہت تیزی سے طے ہو رہاہے۔ ریکارڈ مدت میں ٹرانسپورٹ کے پراجیکٹ مکمل کئے ہیں۔ اورنج لائن منصوبہ بھی اپنی مثال آپ ہوگا۔ وزیرا عظم نے کہا کہ توانائی کے بحران کے حل کے لئے کام کر رہے ہیں۔ بھکھی‘ تھر اور بھاشا ڈیم سے سستی بجلی پیدا کریں گے۔ کراچی میں بھی اندھیرے چھٹ رہے ہیں۔ وزیرا عظم نواز شریف نے پنجاب کے وزیراعلیٰ اور ان کی کابینہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے حالات زیادہ خراب ہیں جس کو ٹھیک کرنا ہوگا۔ نواز شریف نے اقتصادی راہداری منصوبے کو خطے کے لئے تحفہ قرار دیا جبکہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری رکھنے اور کراچی میں مکمل امن کی یقین دہانی کرائی۔