Monday, January 24, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

جنید جمشید کے دانتوں سے میت کی شناخت ہو گئی

جنید جمشید کے دانتوں سے میت کی شناخت ہو گئی
December 13, 2016

اسلام آباد (92نیوز) طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونیوالے معروف مذہبی سکالر جنید جمشید کے دانتوں سے ان کی میت کی شناخت ہو گئی۔ میت لواحقین کے حوالے کرنے کے انتظامات بھی مکمل ہیں تاہم ان کے اہلخانہ کو ڈی این اے ٹیسٹ کا انتظارہے جس کے بعد میت اسلام آباد سے کراچی منتقل کی جائیگی۔

تفصیلات کے مطابق حویلیاں طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونیوالے معروف مذہبی سکالر جنید جمشید کی میت کی شناخت ڈینٹل ہسٹری فرانزک ٹیسٹ سے کر لی گئی ہے۔ ڈینٹل فرانزک ماہرین نے جنید جمشید کے جبڑے اور دانتوں کی ساخت کے علاوہ دانتوں میں فلنگ اور روٹ کنال کے ذریعے شناخت کی۔ میت کی شناخت کے لئے امریکہ کے ایک ہسپتال سے ان کے چہرے اور جبڑے کے ایکسریز منگوائے گئے۔

ان کے جبڑے کا ایک ایکسرے پمز ہسپتال میں بھی کیا گیا۔ امریکہ سے ایکسرے منگوانے میں این ڈی ایم اے نے بھی معاونت فراہم کی۔ ایکسرے میںتکنیکی بنیادوں پر جنس اور عمر کا تعین بھی کیا گیا۔ ماہرین کے مطابق حادثے کے بعد جنید جمشیدکے جبڑے کے ایکسرے کئے گئے جو امریکہ سے منگوائے گئے ان کے پرانے ایکسروں سے 100فیصد مشابہت کر گئے ہیں۔

فرانزک ماہرین سے مشاورت کے بعد پمز ہسپتال کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر الطاف حسین نے ان کی میت کی شناخت کی تصدیق کا اعلان بھی کردیا۔ دانتوں کی شناخت کا عمل مکمل ہونے کے بعد لواحقین کو باضابطہ میت کی شناخت سے آگاہ بھی کردیا گیا ہے تاہم جنید جمشید کے اہل خانہ ڈی این اے ٹیسٹ کی تصدیق کا عمل بھی مکمل کرنا چاہتے ہیں۔

جنید جمشید کی میت تاحال روات کے ایک نجی سردخانے میں محفوظ ہے۔ ڈی این اے ٹیسٹ کی رپورٹ کے بعد میت اسلام آباد سے طیارے کے ذریعے کراچی منتقل کی جائیگی۔ کراچی میں ان کی نمازہ جنازہ اور تدفین کے انتظامات بھی مکمل ہیں۔