Saturday, July 27, 2024

تائیوان میں شدید زلزلہ‘ کئی عمارتیں منہدم‘ 7 افراد ہلاک‘ سیکڑوں زخمی

تائیوان میں شدید زلزلہ‘ کئی عمارتیں منہدم‘ 7 افراد ہلاک‘ سیکڑوں زخمی
February 6, 2016
تائینان (ویب ڈیسک) تائیوان کے جنوبی شہر تائینان میں شدید زلزلے سے متعدد عمارتیں منہدم ہوگئی ہیں۔ زلزلے سے اب تک 7 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ تفصیلات کے مطابق زلزلے کی شدت چھے اعشاریہ چار ریکارڈ کی گئی تھی۔ منہدم ہونے والی عمارتوں کے ملبے سے 220 سے زائد افراد کو نکال لیا گیا ہے جبکہ 155 افراد زخمی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق زلزلے سے منہدم ہونیوالی عمارتوں میں ایک کثیر المنزلہ رہائشی عمارت بھی شامل ہے۔ یاد رہے کہ تائیوانی شہر تائینان کی آبادی 20 لاکھ نفوس پر مشتمل ہے۔ زلزلے کے بعد سے اب تک کم از کم پانچ بار آفٹرشاکس آ چکے ہیں۔ امریکی ارضیاتی مرکز کا کہنا ہے زلزلے کا مرکز زیادہ گہرائی میں نہیں تھا جس کے باعث اس کے اثرات زیادہ ہوسکتے ہیں۔ زلزلے کے جھٹکے 300 کلومیٹر فاصلے پر واقع دارالحکومت تائی پی میں بھی محسوس کیے گئے اور اس وقت سے اب تک وہاں کئی آفٹرشاکس بھی آچکے ہیں۔ خیال رہے کہ تائیوان ایسے خطے میں واقع ہے جہاں دو ٹیکٹونک پلیٹیں آپس میں ٹکراتی ہیں اور وہاں اکثر زلزلے آتے رہتے ہیں۔ تائیوان میں 1999ءمیں سات اعشاریہ چھ کی شدت کے زلزلے سے 2300 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔