جنرل الیکشن 2018 میں ن لیگ ، پاکستان تحریک انصاف کے درمیان زور کا جوڑ
فیصل آباد (92 نیوز) فیصل آباد میں بھی جنرل الیکشن 2018 میں ن لیگ اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان زور کا جوڑ پڑے گا۔
عام انتخابات کی جانب کم ہوتے سفر کے ساتھ فیصل آباد میں بھی سیاسی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔
ن لیگی امیدواروں اور پی ٹی آئی کے کھلاڑیوں میں کڑے مقابلے کی امید کی جا رہی ہے۔
قومی اسمبلی کے حلقہ 106 میں سے سابق وزیر قانون رانا ثنااللہ ن لیگ کے متوقع امیدوار ہیں جبکہ تحریک انصاف کے ڈاکٹر نثار جٹ ان کے مدمقابل ہوں گے۔
این 107 میں ممکنہ طور پر سابق وزیر مملکت برائے ٹیکسٹائل حاجی اکرم انصاری کا مقابلہ پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے خرم شہزاد سے ہو گا۔
قومی اسمبلی کے حلقہ 108 میں سابق وفاقی وزیر پانی و بجلی عابد شیر علی اور پی ٹی آئی کے فرخ حبیب میں جوڑ پڑے گا۔
این اے 110 میں ن لیگ کے دو ممکنہ امیدوار سابق ایم این اے رانا افضل اور سابق ایم پی اے ملک نواز میں سے ایک کا انتخاب ہوا تو مقابلہ پی ٹی آئی کے راجہ ریاض سے ہو گا۔
ن لیگ کے طلال چودھری اور پی ٹی آئی کے نواب شیر وسیر جڑانوالہ کے حلقہ این اے 102 سے آمنے سامنے ہوں گے۔
واضع رہے کہ پی ٹی آئی کے جانب سے گزشتہ روز اپنے حتمی کھلاڑیوں کو میدان میں اتارنے کا اعلان کیا جا چکا ہے، جبکہ ن لیگ کے امیدواروں کا فیصلہ تاحال پارلیمانی بورڈ میں زیر غور ہے۔